حماد اعظم پر میچ فیس کا پچیس فیصد جرمانہ عائد

02:05 PM, 17 Jan, 2021

احمد علی

کراچی (پبلک نیوز) ناردرن کے حماد اعظم پر پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ اور پلیئرز اسپورٹ اسٹاف کی خلاف ورزی کرنے پر میچ فیس کا پچیس فیصد جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔ یہ واقعہ اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم کراچی میں سندھ اور ناردرن کے مابین کھیلے گئے پاکستان کپ کے پانچویں راؤنڈ کے میچ میں پیش آیا۔

تفصیلات کے مطابق حماد اعظم پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.2 کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔ یہ آرٹیکل میچ کے دوران غصہ کی وجہ سے کرکٹ کے سامان، کپڑوں، گراؤنڈ کے ساتھ نامناسب رویہ ظاہر کرنے سے متعلق ہے۔

یہ واقعہ ناردرن کی بیٹنگ کے دوران اننگز کے33ویں اوور میں اس وقت پیش آیا جب حماد اعظم نے حریف کھلاڑی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہونے پر پویلین واپس لوٹتے ہوئے جارحانہ انداز سے اپنا بیٹ اپنے پیڈ پر دے مارا۔

اس نامناسب رویے پر حماد اعظم کو قصوار قرار دیا گیا جس پر انھوں نے اپنی غلطی کو تسلیم کیا اور میچ ریفری محمد جاوید ملک کی طرف سے تجویز کردہ سزا کو قبول کیا۔ حماد اعظم پر چارجز آن فیلڈ ایمپائرز علیم ڈار اور ثاقب خان نے عائد کیے۔

مزیدخبریں