"فارن فنڈنگ کیس کا مجرم نواز شریف نہیں بلکہ عمران خان ہے"

02:15 PM, 17 Jan, 2021

احمد علی

لندن (پبلک نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ اس لیے نہیں ہو پا رہا کیونکہ کٹہرے میں کھڑے شخص کا نام نواز شریف نہیں ہے بلکہ عمران خان ہے۔ اس کیس میں ملوث جماعت کا نام پاکستان مسلم لیگ ن نہیں بلکہ پی ٹی آئی ہے۔

فارن فنڈنگ کیس سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج میں اس کیس کے بارے میں بات کرنا چاہتا ہوں جس کا پاکستان کے آئین، قانون، جمہوریت اور موجودہ حکومت کے قانونی جواز سے متعلق ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ صاف اورسیدھا مقدمہ چھ سال سے الیکشن کمیشن میں زیر التوا ہے۔ اس کیس میں فیصلہ اس لیے نہیں ہو پا رہا کیونکہ کٹہرے میں کھڑے شخص کا نام نواز شریف نہیں ہے بلکہ عمران خان ہے۔ اس کیس میں ملوث جماعت کا نام پاکستان مسلم لیگ (ن) نہیں بلکہ پی ٹی آئی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ قوم کو یاد ہے کہ 2017 میں مجھےحکومت سے نکالنے کے لئے کس تیز رفتاری سے کارروائی ہوئی تھی، اس وقت سے بھگدڑ مچی ہوئی ہے۔ واٹس ایپ کے تحت جے آئی ٹی قائم کی گئی جس میں ملٹری انٹیلی جنس اور آئی ایس آئی کے نمائندوں کو بھی شامل کیا گیا۔

اپنے جاری کردہ بیان میں انھوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کو 60 دنوں میں رپورٹ دینے کا حکم دیا گیا تھا۔ پھرپانامہ کیس میں کتنی تیزی سے میرے خلاف فیصلہ آیا۔ بیٹے کی کمپنی کے اقامے کی بنیاد پر ایک وزیر اعظم کو برطرف کردیا گیا۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ آپ کو یہ بھی یاد ہو گا کہ کیسے احتساب عدالت کو پابند کیا گیاکہ 6 ماہ میں فیصلہ دیا جائے۔ پھرایک چابک مارنے کے انداز میں سپریم کورٹ کا ایک جج نگران بٹھا دیا گیا۔

مزیدخبریں