اسلام آباد (پبلک نیوز) عوام کیلئے بری خبر، بجلی مزید مہنگی، وزارت توانائی پاور ڈویژن نے سمری تیار کر لی، بنیادی ٹیرف میں 2 روپے فی یونٹ اضافے کی سفارش۔
ذرائع کے مطابق تحریکِ انصاف حکومت نے بجلی 2 روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کیلئے پھر تیاری پکڑلی۔ وزارت توانائی پاور ڈویژن نے سمری تیار کر لی۔ سمری میں بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 2 روپے فی یونٹ اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔
پاور ڈویژن ذرائع کا کہنا ہے سمری منظوری کیلئے اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بھیجی جائے گی۔قیمتوں میں اضافے کی منظوری کابینہ سے بھی لی جائے گی۔ نیپرا نے ٹیرف میں 3 روپے 34 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے رکھی ہے۔
واضح رہے کہ منظوری کے بعد بجلی کی اوسط فی یونٹ قیمت 13.35 سے بڑھ کر 15.35 روپے ہو جائے گی۔ یہ بھی یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بجلی کی قیمتوں میں ایک روپیہ سے زائد کا اضافہ کیا جا چکا ہے۔