آزادی اظہار رائے سے متعلق روسی صدر کا بیان خوش آئند ہے، وزیراعظم

10:46 AM, 17 Jan, 2022

Rana Shahzad
وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ صدر پیوٹن سےبنیادی طور پر انکےاس دوٹوک بیان کہ آزادی اظہارکسی طور ہمارےرسولِ محترم ﷺ کی شانِ اقدس میں گستاخی کا جوازنہیں ہوسکتی،کی تحسین و توصیف کیلئےرابطہ کیا۔ انہوں نے کہا آپ وہ پہلےمغربی رہنما ہیں جنہوں نےاہلِ اسلام کےاپنےمحبوب پیغمبر ﷺ سےمتعلق جذبات کے حوالےسےہمدردی وحساسیت کامظاہرہ کیا۔ ایک اور ٹوئٹ میں انکا کہنا تھا کہ ہم نے دونوں ممالک کے مابین تجارت اور منفعتِ باہمی کی بنیادوں پر استوار اشتراک کی دیگر جہتوں میں پیش قدمی پر بھی گفتگو کی۔ہم نےباہم ایک دوسرے کو مدعوبھی کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ روس کے ساتھ پاکستان کے دوطرفہ تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں، دونوں ممالک کے مابین تجارت، اقتصادی تعلقات اور توانائی کے شعبہ میں تعاون میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن منصوبہ کی جلد تکمیل کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں راہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے، اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں اور افغانستان سے متعلقہ معاملات پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان علاقائی استحکام کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کو انسانی اور اقتصادی چیلنجز درپیش ہیں اور افغانستان کے عوام کو اس مشکل مرحلہ پر بین الاقوامی برادری کے تعاون کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے افغان عوام کی شدید ضروریات کو پورا کرنے کے لیے افغانستان کے مالی اثاثے بحال کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ روسی صدر کے دورہ پاکستان اور خود بھی مناسب وقت پر روس کا دورہ کرنے کے منتظر ہیں۔
مزیدخبریں