توہین الیکشن کمیشن کیس: عمران خان کی عدم پیشی پر فیصلہ محفوظ

09:17 AM, 17 Jan, 2023

احمد علی
اسلام آباد: توہین الیکشن کمیشن کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی عدم پیشی پر فیصلہ محفوظ کر کے سماعت 24 جنوری تک ملتوی کردی گئی ہے ۔ الیکشن کمیشن میں پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان، پی ٹی آئی کر رہنما فواد چودھری اور اسد عمر کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی جس میں وارنٹ گرفتاری کے باوجود سابق وزیر اعظم عمران خان پیش نہیں ہوئے ۔ دوران سماعت معاون وکیل کا کہنا تھا کہ فیصل چودھری اور دیگر وکلا لطیف آفریدی کے جنازے میں گئے ہیں ، جس پر الیکشن کمیشن کے ممبر بلوچستان نے استفسار کیا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کہاں ہیں؟ ممبر پختونخوا نے ریمارکس دیے کہ ہائیکورٹ نے وارنٹ معطل کیے ہیں، لیکن پیشی سے نہیں روکا گیا ہے ، حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی دائر نہیں کی گئی ہے ۔ بعدازاں الیکشن کمیشن نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کی عدم پیشی پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کیس کی سماعت 24 جنوری تک ملتوی کردی ۔
مزیدخبریں