پنجاب اسمبلی کی 20 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک کے نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 11 سیٹوں پر کامیاب قرار پائی ہے جبکہ اسے مزید 6 نشستوں پر برتری حاصل ہے جبکہ ن لیگ کو دو نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے. اس کے علاوہ ایک آزاد امیدوار بھی فاتح قرار پائی ہیں.
پاکستان تحریک انصاف کا لاہور میں بڑا معرکہ
پاکستان تھریک انصاف نے ضمنی انتخابات میں لاہور کی کُل چار میں سے 3 انتخابی نشست پر کامیابی حاصل کرلی۔ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے لاہور حلقہ 158 کا میدان مار لیا۔ پی ٹی آئی کے امیدوار میاں محمد عثمان اکرم نے مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا احسن شرافت کو شکست دیدی۔
حلقے کے مکمل 151 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق میاں محمد عثمان اکرم نے 37 ہزار 463 ووٹ جبکہ رانا احسن اشرف 31 ہزار 906 ووٹ حاصل کرسکے۔ واضح رہے کہ 2018 کے انتخابات میں منحرف رکن اسمبلی علیم خان اس حلقے سے کامیاب ہوئے تھے۔
علاوہ ازیں پی پی 167 (لاہور) کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری انتخابی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے شبیر گجر 40 ہزار 511 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے جبکہ ن لیگ کے نذیر چوہان 26 ہزار 473 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 170 (لاہور) کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ظہیر عباس کھوکھر نے مسلم لیگ ن کے امیدوار محمد آمین ذوالقرنین کو شکست دیدی۔
ظہیر عباس نے 24 ہزار 688 ووٹ جبکہ محمد آمین ذوالقرنین نے 17 ہزار 519 ووٹ حاصل کیے۔
پی پی 168 (لاہور) کی انتخابی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اسد علی کھوکھر نے تحریک انصاف کے امیدوار نواز اعوان کو شکست دیدی۔ اسد علی کھوکھر 26 ہزار 169 ووٹ جبکہ نواز اعوان 15 ہزار 767 ووٹ حاصل کرسکے۔
پی ٹی آئی خوشاب میں کامیاب
پی پی 83 (خوشاب) کے تمام 215 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ملک حسن اسلم خان کامیاب ہوگئے ہیں۔ غیرسرکاری اور غیر حتمی تنائج کے مطابق پی ٹی آئی کے ملک حسن اسلم نے 48 ہزار 475 ووٹ لے کر آزاد امیدوار محمد آصف ملک کو شکست دی۔
آزاد امیدوار محمد آصف ملک نے 41 ہزار 752 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر آئے۔
ملتان سے پی ٹی آئی کامیاب
پی پی 217 (ملتان) کے تمام 124 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار مخدوم زین قریشی نے ن لیگ کے امیدوار سلمان نعیم کو شسکت دے دی۔
غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے مخدوم زین قریشی نے 47 ہزار252 ووٹ لے کر کامیابی اپنے نام کی۔
الیکشن کمیشن کے مرکزی سیکرٹریٹ کو موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے سلمان نعیم 40 ہزار 203 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پررہے۔ سیکرٹریٹ کے مطابق شاہ محمود قریشی کے بیٹے 7 ہزار ووٹوں کی لیڈ سے کامیاب رہے جبکہ پی پی 217 میں ٹرن آؤٹ 42 فیصد سے زائد رہا۔
ڈیرہ غازی خان سے پی ٹی آئی کامیاب
پی پی 288 (ڈیرہ غازی خان) کے تمام 145 پولنگ اسٹیشنز کے انتخابی نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سردارمحمدسیف الدین کھوسہ 58 ہزار 166 ووٹ لےکر کامیاب ہوگئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے عبدالقادر خان 32 ہزار 212 ووٹ حاصل کرسکے۔
ساہیوال کا میدان پی ٹی آئی کے نام
پی پی 202 (ساہیوال) کے تمام 176 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار میجر (ر) محمد غلام سرور نے مسلم لیگ (ن) کے نعمان لنگڑیاں کو شکست دے دی۔
انتخابی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی امیدوار نے 62 ہزار 298 ووٹ جبکہ لیگی رہنما نے 59 ہزار 191 ووٹ حاصل کیے۔
شیخوپورہ سے پی ٹی آئی رہنما کامیاب
الیکشن کمیشن کو پی پی 140 (شیخوپورہ) کے انتخابی نتائج موصول ہوگئے۔ موصول ہونے والے نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خرم شہزاد ورک 50 ہزار 166 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پی ٹی آئی کے سیاسی حریف ن لیگ کے میاں خالد 32 ہزار 105 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
لودھراں سے آزاد امیدوار کامیاب
الیکشن کمیشن کو پی پی 228 (لودھراں) کے مکمل پولنگ اسٹیشنز کے انتخابی نتائج موصول ہوگئے جس کے مطابق آزاد امیدوار پیر رفیع الدین 45 ہزار 20 ووٹ لیکر کامیاب رہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پی ٹی آئی کے کیپٹن عزت خان 38 ہزار 338 ووٹ لیکر دوسرے جبکہ ن لیگ کے نذیر خان 34 ہزار 929 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔
ای سی پی کا قانون نافذ کرنے والے اداروں و دیگر سے اظہار تشکر
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں ڈیوٹی انجام دینے پر تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پرامن اور شفاف انتخابات کروانے میں بھرپور کردار کو سراہا ہے۔
ای سی پی نے کمیشن کے عملے اور صوبائی حکومت کے تمام عہدیداران و اہلکاران جو پنجاب پولنگ کے عمل میں شامل تھے ان کے کردار کو بھی سراہا ہے۔
الیکشن کمیشن نے پنجاب میں شفاف اور پرامن ضمنی انتخابات میں تمام میڈیا کے مثبت کردار اور بروقت پولنگ صورتحال سے آگاہ کرنے کرنے کی تعریف کی اور میڈیا کے تمام نمائندوں کا شکریہ ادا کیا۔
پنجاب کی 20 انتخابی نشستیں
ان 20 نشستوں میں لاہور کی 4، راولپنڈی، خوشاب، بھکر، فیصل آباد، شیخوپورہ، ساہیوال، ملتان، بہاولنگر،لیہ کی ایک ایک، جھنگ کی 2، لودھراں میں 2، مظفر گڑھ میں 2 اور ڈیرہ غازی خان کی ایک نشست شامل ہے۔
20 نشستوں کیلیے 175 امیدوار مدمقابل
صوبائی اسمبلی کی ان 20 نشستوں پر مجموعی طور پر 175 امیدواروں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے جن میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کے امیدوار نمایاں ہیں۔ ان حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 45 لاکھ 79 ہزار 898 ہے۔
پولنگ کے لیے 3 ہزار 131 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 1900 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، ضمنی انتخاب میں امن و امان کے پیش نظر صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کو پنجاب میں اپنی برتری برقرار رکھنے کیلئے 20 میں سے 9 نشستیں جیتنا ضروری ہے۔
یاد رہے کہ 20 مئی کو الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی میں حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ کا ووٹ دینے والے تحریک انصاف کے منحرف ارکان کی رکنیت ختم کردی تھی۔