ملک بھر میں یوم عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے

09:21 AM, 17 Jul, 2024

ویب ڈیسک: نواسہ رسولؐ اور ان کے جانثاروں کو سلام عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں یوم عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، لاہور، کوئٹہ سمیت ملک کی مختلف شہروں میں آج موبائل فون سروس بند رکھی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق نواسہ رسول صل اللہ علیہ وآلہ وسلم حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے جانثاروں کی عظیم قربانی کی یاد میں آج ملک بھر میں عاشورہ محرم کے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور کوئٹہ سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں موبائل فون سروس معطل ہے اور سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

چھوٹے بڑے شہروں اور دیہات سمیت ملک کے تمام علاقوں میں 10 محرم الحرام کے موقع پر مجالس عزا کا اہتمام کیا جا رہا ہے اور جلوس برآمد کیے جا رہے ہیں، اس موقع پر ملک بھر میں اہم مقامات پر اضافی نفری طلب کرتے ہوئے بلند عمارتوں پر اسنائپرز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

لاہور

لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثارحویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہو گیا، جلوس آج شام کربلا گامے شاہ پہنچ کر ختم ہو گا۔اس حوالے سے صوبائی حکومت نے پنجاب بھر میں جلوس اور مجالس کے علاقوں میں موبائل فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ دفعہ 144 کا نفاذ کرکے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

لاہور پولیس کے 11 ہزار 500 سے زائد افسران و اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پرمامور 

یوم عاشور پر لاہور پولیس کے 11 ہزار 500 سے زائد افسران و اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پرمامور ہیں، لاہور پولیس کے مطابق 231 مجالس اور 46 عزاداری جلوسوں کو بھر پورسکیورٹی فراہم کی جارہی ہے، 30ایس پیز، 49 ایس ڈی پی اوز، 137 ایس ایچ اوز اور انچارج انویسٹی گیشنز اور 781 اپر سبارڈینیٹس تعینات ہے۔

یوم عاشور کے مرکزی جلوس پر 12 ایلیٹ فورس کی ٹیمیں، 12 پی آر یو اور 17 ڈولفن اسکواڈ کی ٹیمیں تعینات ہیں۔

سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ عزاداروں کی سیکیورٹی کے لیے شہر بھر میں 127 ناکے لگائے گئے ہیں۔

پشاور

خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بھی یوم عاشور پر مختلف امام بارگاہوں سے جلوس برآمد ہوں گے، جو مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے مقررہ مقامات پر ختم ہوں گے۔

پشاوراور اس کے گرد و نواح میں یوم عاشور کے 12 جلوس ذوالجناح برآمد ہوں گے، محرم الحرم کے حوالے سے شہر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

سیکیورٹی کے لیے 14ہزار پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں، اندورن شہر جلوس ہونے کی وجہ سے شہر کو مکمل طور پر سیل کیا گیا ہے۔

جلوس نکلنے سے قبل بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی یو) کی ٹیمیں علاقےکو کلیر کریں گی، جلوس کی گزر گاہوں کو قناطیں لگا کر بند کیا گیا ہے، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی ناکہ بندی کی گئی ہے۔

جلوسوں کی کنٹرول روم میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے۔

اسلام آباد

اسلام آباد میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس صبح 11 بجے امام بارگاہ کرنل مقبول سے برآمد ہو گا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قدیمی پر ختم ہو گا۔

کراچی

کراچی میں 10 محرم الحرام کے حوالے سے مرکزی جلوس صبح 9 بجے نشتر پارک سے برآمد ہوا، جو ایم اے جناح روڈ، تبت سینٹر سے گزرتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادر پر ختم ہوگا۔

شہر قائد میں امن و امان کی صورت حال یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور شہر بھر میں ڈبل سواری پر پابندی کے علاوہ اسلحہ کی نمائش، ڈرون یا ہیلی کیم اڑانے پر بھی پابندی عائد ہے جب کہ مخصوص علاقوں میں موبائل فون سروس بھی معطل کی گئی ہے۔

کوئٹہ

کوئٹہ میں 10 محرم کے حوالے سے مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوکر مقررہ مقام پر ختم ہوگا جبکہ جلوس روایتی راستوں علمدار روڈ، طوغی روڈ، میزان چوک، لیاقت بازار سے گزرے گا، جلوس جنکشن چوک، پرنس روڈ، میکانگی روڈ، نوریاسین گلی سے ہوتا ہوا واپس علمدار روڑ پر اختتام پذیر ہوگا۔

اس موقع پر شہر میں موبائل فون سروس معطل کی گئی ہے جبکہ اضافی نفری تعینات کرکے جلوس کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور جلوس کے روٹ سے ملنے والے تمام راستے سیل کر دیے گئے ہیں۔

سکیورٹی کے سخت انتظامات

جلوس میں 32 ماتمی دستے شامل ہوں گے، جلوس مغرب تک اختتام پذیر ہو گا، جلوس کی حفاظت کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جلوس کے روٹ سے ملنے والے تمام راستے سیل کر دئیے گئے، روٹ اور حساس علاقوں میں 6600 سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے۔

چنیوٹ

چنیوٹ میں نو سنہری تعزیوں پر مشتمل سیج جلوس کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں، سیج تعزیوں کے جلوس رات ایک بجے شروع ہو جاتے ہیں، 40 سے 50 من وزنی سیج تعزیوں پر پالکی سائیاں اور چاند تارہ نہیں ہوتا، سیج تعزیے مختلف علاقوں اور تنگ گلیوں سے گزار کر چوک ترکھاناں لائے جاتے ہیں۔

تعزیے سحر کے وقت چوک ترکھاناں پہنچتے ہیں، آذان فجر کے وقت تمام تعزیوں کے جلوس واپس اپنے گھروں کو چلے جاتے ہیں، 10 محرم کو مکمل تعزیوں کے جلوس دوپہر کے بعد پھر میدان ترکھانا کیطرف روانہ ہوتے ہیں، تعزیوں کے تمام جلوس میدان ترکھانا میں مغرب سے پہلے پہنچ جاتے ہیں۔

موبائل فون سروس بند

یوم عاشور پر حکومت نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں موبائل فون سروس مکمل بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، صرف جلوس اور مجالس والے علاقوں میں موبائل فون سروس معطل کی جائے گی، کوئٹہ میں آج صبح چھ بجے سے رات بارہ بجے تک موبائل سروس بند رہے گی۔

یاد رہے گزشتہ روز 9 ویں محرم الحرام کی مناسبت سے مجالس اور جلوس منعقد ہوئے، کراچی میں نشتر پارک سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس حسینہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا جس میں عزاداروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، جلوس کی گزر گاہوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات تھے۔

لاہور میں 9 ویں محرم کا مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا پانڈو سٹریٹ پہنچ کر ختم ہو گیا، عزا داروں نے غم حسین میں نوحہ خوانی اور ماتم داری کی، لاہور کے علاوہ پشاور، کوئٹہ، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں بھی مرکزی جلوس برآمد ہو کر اپنی منزل پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے۔

گزشتہ روز بھی جلوسوں کے دوران سکیورٹی کے پیش نظر جیکب آباد، شکارپور میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند رہی، پشاور اور کوئٹہ میں بھی موبائل سروس جزوی طور پر معطل کی گئی جسے رات گئے بحال کر دیا گیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری 

نواسہ رسول ﷺ، حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی کربلا میں یزیدی فوج کے ہاتھوں شہادت کے دن پر ملک کے مختلف شہروں میں مجالس عزا ہو رہی ہیں اور جلوس برآمد کیے جا رہے ہیں۔یومِ عاشور کے موقع پر صدر مملکت  آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 'یوم عاشورہ حضرت امام حسینؓ کی میدان کربلا میں شہادت کی یاد تازہ کرتا ہے'۔امام حسینؓ اور ان کے وفادار ساتھی ظلم اور جبر کے خلاف ڈٹ گئے، امام حسینؓ نےمشکلات کے باوجود ظالم و جابر حکمران کے خلاف کلمہ حق بلند کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف 

وزیر اعظم شہباز شریف نےکہا کہ'اس دن نواسہ رسولﷺ نے حق اور باطل کی لڑائی میں جانوں کا نذرانہ دے کرحق کو حقیقی فتح سے سرفراز کیا، امام حسینؓ کربلا کے میدان میں یزید کی جابرانہ حکومت کے خلاف جرات واستقامت کے ساتھ اٹھ کھڑے ہوئے'۔ان کاکہنا تھا کہ امام حسینؓ کی شہادت ہمیں باطل اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
یوم عاشور پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ شاہ است حسین، بادشاہ است حسین“ نواسہ رسول، جگر گوشہ بتول، حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثاروں کو سلام، اہل بیت سے محبت و تکریم ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے، واقعہ کربلا اسلامی تاریخ کا گراں قدر اور تاریخ ساز باب ہے، حق حسین سے زندہ رہتا ہے اور باطل داغ ملامت لیکر مر جاتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھی حق اور سچ کی راہ پر چلنے والوں کے لئے مینارہ نور ہیں، حضرت امام حسینؓ نے میدان کربلا میں جرات و شجاعت کی بے مثال تاریخ رقم کی، آج غزہ میں بھی کربلا کی تاریخ دہرائی جا رہی ہے۔

ان کاکہنا تھا کہ داستان کربلا رہتی دنیا تک مظلوم قوموں کو جرات وحوصلہ عطا کرتی رہے گی، یوم عاشور پر ہمیں حضرت امام حسینؓ کی روشن تعلیمات پرعمل پیرا ہونے کا اعادہ کرنا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوم عاشور پر اپنے پیغام میں حضرت امام حسینؓ، شہدائے کربلا اور ان کے رفقاء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور رفقاء کی قربانی ظلم اور ناانصافی کے خلاف کھڑے ہونے کا دیرینہ پیغام ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ دن ہم سب کے لیے حق، انصاف، اور صداقت کے اصولوں کو قائم رکھنے کی یادگار ہے، امام اور ان کے خاندان کے قربانیاں تمام انسانیت کے لیے روشنی کا چراغ ہیں، شہداء کربلا کی ظالم کے خلاف جدوجہد کی کہانی ہر مظلوم انسان کی درسگاہ ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ امام حسینؓ اور ان کا گھرانہ اسلامی اقدار کی حفاظت، انصاف، ہر ظلم کے خلاف کربلا میں لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، ان کا پیغام ظلم کے خلاف اتحاد، امن اور آہنگی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کربلا کی قربانی انتشار پسندی سے انکار کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے، کربلا کا پیغام ہے کہ امت مسلمہ کو انتشار پھیلانے والوں کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے اپنے بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے عوام کو بد ترین ریاستی دہشت گردی کا سامنا ہے، واقعہ کربلا غیر متزلزل ایمان، بے مثال تقویٰ اور شہادت کے جذبے کا ایک بہترین نمونہ ہے، واقعہ کربلا ہمیں صبر اور باطل قوتوں کے خلاف کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا درس دیتا ہے، شہدائے کربلا کےجذبہ ایثار و قربانی پر عمل پیرا ہو کر مسلم اُمہ کو درپیش چیلنجز پر قابو پایا جاسکتا ہے

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں نہتے اور معصوم شہریوں کو بدترین ریاستی دہشت گردی کا سامنا ہے، گزشتہ 9 ماہ سے اسرائیلی ریاستی دہشتگردی کے نتیجے میں 40 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، پاکستان آزاد فلسطین اور کشمیر کے قیام تک ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

مزیدخبریں