شارع فیصل پر پیپلز بس کیلئے مخصوص لین بنانے کا اعلان
03:52 PM, 17 Jun, 2023
کراچی :سندھ کے وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام نے کراچی میں شارع فیصل پر پیپلز بس سروس کیلئے مخصوص لین کے نفاذ کا اعلان کردیا ہے۔ صوبائی وزیر شرجیل میمن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہاہے کہ شارع فیصل پر پیپلز بس سروس کیلئے مخصوص لین بنائی جا رہی ہے، پبلک ٹرانسپورٹ شہر کی اہم راستوں سے بغیر کسی رکاوٹ کے گزرنی چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی طرف سے مخصوص لین کا کام مکمل کیا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ پیپلز بس سروس داؤد چورنگی سے ٹاور کے روٹ پر چل رہی ہے جس سے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آرہی ہیں تاہم اب سندھ کے وزیر اطلاعات نے پیپلز بس سروس کے لیے شارع فیصل پر مخصوص لین کے نفاذ کا اعلان کردیا ہے۔