صدر الخدمت فاؤنڈیشن نےعیدالاضحی غزہ مہاجرین کیساتھ منائی

06:02 PM, 17 Jun, 2024

ویب ٖڈیسک: صدرالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے عیدالاضحیٰ قاہرہ مصرمیں غزہ مہاجرین کے ساتھ منائی۔

تفصیلات کے مطابق صدر الخدمت نے تجمل خامس قاہرہ میں عید کی نمازاداکرنے کے بعد انہوں نے غزہ جنگ سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی انہیں قربانی کا گوشت فراہم کیاجبکہ بچوں میں تحائف اورعیدی تقسیم کی۔ بعدازاں صدر الخدمت نے مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج غزہ کے زخمیوں کی عیادت بھی کی۔

یاد رہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان غزہ کے مظلوم فلسطینی مسلمانوں کیلئے 1600 بڑے جانوروں اور 1300چھوٹے جانوروں کی قربانی کررہی ہے۔ جن میں 100 بھیڑیں غزہ اور القدس، 100 گائے قاہرہ مصر جبکہ 1500گائے اور 1200بکرے کراچی پاکستان میں قربان کئے جائیں گے۔ غزہ اور مصر میں گوشت فوری تقسیم کیا جائے گا جبکہ پاکستان میں ہونے والی قربانی کا گوشت پراسس کے بعد ٹِن پیکس میں پیکنگ کے بعد غزہ متاثرین تک بھجوایا جائے گا۔

قبل ازیں ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے بلبیس کے مقام پر کیٹل  فارم کادورہ کیا اور الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے خریدے گئے قربانی کے جانوروں کا جائزہ لیا۔ صدر الخدمت نے کہا کہ عید خوشیوں کا تہوار ہے اور اہل پاکستان اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کو عید کی خوشیوں میں یاد رکھے ہوئے ہیں۔ غزہ سے ہجرت کرکے قاہرہ میں پناہ گزین ہونے والے فلسطینی خاندانوں کےلئے الخدمت فاؤنڈیشن نے قربانی کا آغازکر دیا ہے اور قربانی کا یہ سلسلہ عید کے تین دن تک جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ قربانی کے بعد گوشت چلر ٹرکوں کے ذریعے غزہ مہاجرین کی رہائش گاہوں تک پہنچایا جائے گا۔ صرف قاہرہ میں مقیم غزہ مہاجرین کے 2 ہزار خاندانوں تک قربانی کا گوشت پہنچائیں گے جبکہ قاہرہ میں موجود غزہ مہاجرین کے لیے بڑی دعوت کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے بتایا کہ الخدمت نے قاہرہ کے مضافات میں 8 منزلہ   رہائشی عمارت کرایے پر  لی ہے جہاں فلسطینی خاندانوں کو  ایک سال کے لیے ٹھہرائے جانے کا انتظام کیا ہے۔ الخدمت قاہرہ میں 2000 خاندانوں کو رجسٹر کر چکی ہے جبکہ 200 خاندانوں کے لیے رہائش سمیت دیگر ضروریات زندگی کا انتظام کر رہی ہے۔

مزیدخبریں