پیپلزپارٹی نے اسٹیبلشمینٹ سے ڈیل کےمتعلق تاثرات کو مسترد کردیا

10:24 AM, 17 Mar, 2021

شازیہ بشیر

کراچی (پبلک نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی نے اسٹیبلشمینٹ سے ڈیل سے متعلق تاثرات کو مسترد کردیا۔ پیپلزپارٹی نے پی ڈی ایم میں دراڑوں اور اختلافات کا تاثر بھی مسترد کردیا۔

سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی نیر بخاری کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمینٹ سے کوئی ڈیل نہیں ہوئی۔ ڈیل ہوتی تو کیا یوسف رضا گیلانی ہار جاتے؟ پی ڈی ایم استعفوں کی بات پر پیپلزپارٹی کے سوالات کے جواب نہیں دے سکی۔ پیپلزپارٹی نے سوال کیا کہ استعفوں کے بعد کی حکمت عملی کیا ہوگی جس کا جواب نہیں ملا۔ مطمئن نہیں کیا جا سکا کہ استعفوں کے بعد کیا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میٹنگ کے بعد پیپلزپارٹی پر ملبہ گرانا درست بات نہیں۔ پیپلزپارٹی بیس ستمبر کو ہونے والے معاہدے پر قائم ہے۔ معاہدے کے مطابق لانگ مارچ، عدم اعتماد اور سب سے آخری آپشن استعفوں کا تھا۔ پی ڈی ایم قائم اور پیپلزپارٹی اس کا حصہ ہے۔

انہوں نےمزید کہا تھا کہ آصف زرداری اور مریم نواز کے درمیان کوئی تلخ کلامی نہیں ہوئی۔ پیپلزپارٹی جلد ہی سی ای سی کا اجلاس بلا کر استعفوں سے متعلق اپنی رائے دے گی۔ پی ڈی ایم کا متفقہ معاہدہ اب بھی موجود ہے۔ لانگ مارچ کے ساتھ استعفے دینے کا معاہدہ نہیں تھا۔ لانگ مارچ کے ساتھ استعفوں کی بات اضافی بات ہے۔

مزیدخبریں