خیبرپختونخوا کے 9 اضلاع میں ہفتہ، اتوار کو تجارتی مراکز بند رہیں گے

04:23 PM, 17 Mar, 2021

شازیہ بشیر

پشاور (پبلک نیوز) خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز، صوبہ کے 9 اضلاع میں ہفتے اور اتوار کو تجارتی مراکز بند رکھنے کا فیصلہ۔

محکمہ داخلہ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پشاور، چارسدہ، مردان، نوشہرہ،کوہاٹ، سوات،صوابی، ملاکنڈ اور لوئر دیر میں ہفتہ اور اتوار کو مارکیٹیں بند رہیں گی۔ اشیاء وخورونوش اور میڈیکل اسٹورز کھلے رہیں گے۔

اعلامیہ کے مطابق شادی ہالزاور ریسٹورنٹس کے اندرتقریبات پر مکمل پابندی ہوگی۔ صوبہ بھر میں سرکاری اور نجی اداروں کے پچاس فیصد ملازمین کو گھروں سے کام کرایا جائے۔ صوبہ میں ہرقسم کے ثقافتی پروگرامز اور کھیلوں کے انعقاد پر پابندی ہوگی۔

صوبہ کے ان شہروں میں مزارات اور سینما گھر بند رہیں گے۔ پبلک پارکس 6 بجے بند کر دیئے جائیں گے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں کورونا کے خطرناک وار جاری ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا میں مبتلا مزید 9 افراد انتقال کرگئے ہیں۔ کورونا وائرس سے انتقال کرجانے والوں کی تعداد 2188 ہوگئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا۔ 624 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو گئے۔

مزیدخبریں