اپوزیشن تصادم کی جانب نہ جائے، جھاڑو پھر جائے گا
08:36 AM, 17 Mar, 2022
اسلام آباد: (پبلک نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپوزیشن کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حکومت کیساتھ تصادم کی جانب نہ جائے، ورنہ جھاڑو پھر جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس 21 مارچ کو بلانے پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔ او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس کے پیش نظر 21، 22 اور 23 مارچ کو اسلام آباد میں تعطیل ہوگی۔ اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سندھ میں اراکین کی خریدوفروخت کی منڈی لگی ہوئی ہے۔ انشا اللہ تحریک عدم اعتماد میں وزیراعظم عمران خان سرخرو ہونگے۔ ہمارے اتحادی جب بھی فیصلہ کرینگے، ہمارے ہی حق میں ہی ہوگا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک میں امن وامان برقرار رکھنا میری وزارت کی ذمہ داری ہے۔ 25 مارچ سے ملک میں سیاسی مطلع صاف ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت دینے کی بات کرنے والوں نے 5 سال کیلئے قومی حکومت کی بات کی۔ اب یہ کل ٹیکنوکریٹ حکومت کی بات کریں گے۔ ایسی کی تیسی تمہاری اندھیر نگری نہیں ہے۔ شہباز شریف بے نقاب ہو چکے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہم قومی حکومت بنائیں گے، کیا ہم بے کار بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ہائوس میں خریدو فروخت کی آڑھتی منڈی لگی ہوئی ہے، 12 بندوں کی بات کی جا رہی ہے، وہ ایک علیحدہ کیس ہے۔ سیاسی دنگل اسلام آباد میں ہی ہونا ہے، اس میں اپوزیشن کو شکست ہوگی۔ شیخ رشید نے کہا کہ میں عمران خان کیساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں۔ اصلی اور نسلی افراد مشکل کے وقت ہی کھڑے ہوتے ہیں۔ میں سیاست وقت پر کرتا ہوں، سیاست میں وقت ہی سب سے اہم ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے وزرا کی ڈیوٹیاں لگائی ہوئی ہیں کہ اتحادیوں سے رابطے جاری رکھے جائیں۔ ہم کسی کو قومی اسمبلی میں آ کر ووٹ ڈالنے میں رکاوٹ نہیں ڈالیں گے۔ ہر رکن کا حق ہے کہ وہ اپنی مرضی کے مطابق ووٹ ڈالے۔