سندھ ہاؤس میں تحریک انصاف کے کونسے اراکینِ قومی اسمبلی موجود ہیں؟
01:22 PM, 17 Mar, 2022
حکومت سندھ ہاؤس اسلام آباد میں ایکشن کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا بیان سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ سندھ ہاؤس بہت سا پیسہ منتقل کرنے کی اطلاعات ہیں اور سندھ ہاؤس میں لوگوں کو رکھنے کے لیے پولیس منگوائی گئی ہے۔فواد چوہدری نے مزید کہا کہ اس وقت ہارس ٹریڈنگ کا مرکز سندھ ہاؤس ہے، ہم اس پر ایک بڑا ایکشن پلان کر رہے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اور ان سمیت 24 کے قریب پی ٹی آئی ارکان اسمبلی سندھ ہاؤس اسلام آباد میں موجود ہیں جبکہ اس کے علاوہ اور بھی بہت سے ارکان یہاں آنا چاہتے ہیں اور ضمیر کے مطابق ووٹ دینا چاہتے ہیں۔ اب سندھ ہاؤس میں موجود تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کے نام بھی سامنے آگئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کو سندھ ہاؤس میں موجود ارکان قومی اسمبلی کی فہرست ایک قومی ادارے کی جانب سے پیش کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے راجہ ریاض، نواب شیر وسیر، رانا قاسم نون، غفار وٹو سندھ ہاؤس میں موجود ہیں۔ذرائع کے مطابق اس کے علاوہ نورعالم خان، ریاض مزاری، باسط بخاری، احمد حسن ڈیہڑ، نزہت پٹھان اور وجیہہ اکرم بھی سندھ ہاؤس میں موجود ہیں۔ذرائع کے مطابق مذکورہ ارکان کے علاوہ بھی پی ٹی آئی کے کئی لوگ سندھ ہاؤس میں موجود ہیں۔ دوسری جان پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار نے دعویٰ کیا ہے کہ تین وفاقی وزرا بھی پی ٹی آئی چھوڑ چکے ہیں۔