خیبرپختونخوا انتخابات: گورنر کے پی نے رپورٹ الیکشن کمیشن کو ارسال کر دی
02:36 PM, 17 Mar, 2023
پشاور: خیبرپختونخوا میں عام انتخابات کے معاملے پر گورنر کے پی نے مشاورتی اجلاس سے متعلق اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کو بھیج دی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا نے الیکشن کمیشن کو ارسال رپورٹ میں بتایا ہے کہ اس وقت سکیورٹی صورتحال نازک ہے اور اضافی سکیورٹی اہلکار دستیاب نہیں ہیں۔ گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ مشکل معاشی صورتحال ہے اور مردم شماری ہورہی ہے ، حلقہ بندی ہونی ہے ، عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان سے قبل ان چیلنجز کو حل کیا جائے ۔رپورٹ میں گورنر کے پی نے کہا کہ الیکشن سے متعلق صورتحال پرآئین اور الیکشن ایکٹ کے تحت حل تلاش کیا گیا ہے ، الیکشن کی تاریخ وزارت دفاع اور داخلہ سمیت دیگر شراکت داروں کو اعتماد میں لے کر رکھی جائے گی ۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف چند ماہ میں ہی آپریشن ختم ہوگا ، اس کو بھی مد نظر رکھا جائے ، خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کی کارروائیوں کی رفتار میں اضافہ ہو رہا ہے، ضم شدہ قبائلی اضلاع میں سکیورٹی صورتحال بہت نازک ہے اور سرحد پار سے دہشتگرد گرواپس ضم اضلاع میں آکر آباد ہوگئے ہیں ، ضم اضلاع میں رہائشیوں کو دیگر اضلاع کے مقابلے میں 100 فیصد زیادہ خطرہ لاحق ہے، ان خطرات کے باعث سیاستدانوں اور پولنگ اسٹاف کی آزادانہ نقل و حرکت ممکن نہیں ہے ۔