(ویب ڈیسک ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اب وہ وقت نہیں کہ دشمن حملہ کرے اور ہم خاموشی سے مذمت کریں۔ دشمن جس طرح حملہ کر رہا ہے، اس سے کہیں سخت جواب ملے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ میر علی چیک پوسٹ پر دشمن کے حملے کی سب پرزور مذمت کرتے ہیں، قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ اس بزدلانہ کارروائی کا دشمن کو ایسا جواب ملے گا کہ یہ ساری زندگی یاد رکھیں گے۔اب وہ وقت نہیں ہے کہ دشمن حملہ کرے اور ہم صرف خاموشی سے مذمت کریں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دشمن جس طرح حملہ کر رہا ہے، اس سے کہیں سخت جواب ملے گا۔پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے اور پاک فوج کے ساتھ ہے۔ ہم سب دشمن کی بزدلانہ کارروائیوں کا بھرپور جواب دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میر علی میں شہادت کا بلندرتبہ پانے والے لیفٹیننٹ کرنل کاشف علی، کیپٹن محمد احمد بدر سمیت 7 جوان پوری قوم کے ہیرو ہیں اور پاکستانی قوم اپنے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ پاک فوج کے جری سپوتوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاک فوج کے افسروں اور جوانوں نے اپنے قیمتی لہو سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تاریخ رقم کی ہے۔شہدائے وطن کی لازوال قربانیاں نا قابل فراموش ہیں۔شہداء ہمارا فخر ہیں اور شہداء کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔