وقار ذکاء کو اہم سرکاری عہدہ مل گیا

06:15 AM, 17 May, 2021

حسان عبداللہ

پشاور(ویب ڈیسک) وقار ذکاء کو سرکاری نوکری مل گئی۔ خیبرپختونخواہ حکومت نے سوشل میڈیا سٹار کوکرپٹو کرنسی کے ماہر کے طور پر تعینات کر دیا۔ وقار ذکاء نے اپنی تعیناتی کے حوالے سے ایک نوٹیفیکیشن بھی شیئر کیا۔ فیس بک پیج پر اپنے پیغام میں وکار ذکاء کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے کرپٹو ماہر کی حیثیت سے میری خدمات حاصل کی ہیں تاہم میں نے ایک پیسہ وصول نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور میں اپنی تمام خدمات مفت میں فراہم کروں گا۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق خیبرپختونخوا نے کرپٹو کرنسی کے حوالے سے ایک ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دی ہے جس کی سربراہی وزیراعلیٰ کے مشیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش کر رہے ہیں جبکہ وقار ذکاء اس کمیٹی کا بطور ماہر کرپٹو حصہ ہونگے۔

یاد رہے کہ کچھ روز قبل انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ اگر انہیں وزیراعظم بنا دیا جائے تو ملک کا تمام قرضہ اتار دیں گے۔

اس سے قبل بھی وقار ذکاء اپنے فیس بک پیج کے ذریعے کرپٹو کرنسی کے بارے میں شعور اور آگاہی پھیلاتے رہے ہیں ۔ وقار ذکاء نے کرپٹو کر نسی پر عائد پابندی کے خلاف قانو نی راستہ اپناتے ہوئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا یا اور کیس دائر کیا۔ نوجوانوں کے مقبول میزبان نے اس کیس میں مو قف اختیا ر کیا ہے کہ اسٹیٹ بینک کی ڈیجیٹل کرنسی پر پابندی ناانصافی اور آئین کے منافی ہے، ڈیجیٹل کرنسی کے استعمال سے قومی مفاد کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

مزیدخبریں