اسلام آباد (پبلک نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ فلسطین کے وزیر خارجہ نے پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ پاکستان اپنا موقف دو ٹوک انداز میں پیش کررہا ہے۔ شہباز شریف کے فلسطین پر جذبات کو سراہتا ہوں۔ متفقہ قرارداد سے پاکستان کا وقار بلند ہوگا۔
فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت کی مذمت جاری رکھیں گے۔ کل او آئی سی اور سلامتی کونسل کے اجلاس ہوئے۔ پاکستان کے موقف کو سراہا گیا ہے۔ فلسطین کے وزیر خارجہ نے پاکستان کی قیادت کو خط لکھا ہے۔
انھوں نے کہا کہ 27 رمضان کو فلسطین میں خون کی ہولی کا آغاز ہوا۔ وزیر اعظم اس دن عمرے کی ادائیگی کے لیے مکہ میں موجود تھے۔ وزیر اعظم نے اگلے روز او آئی سی کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے او آئی سی کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات کی۔