’اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں سے غزہ جل رہا ہے‘

04:40 PM, 17 May, 2021

احمد علی

اسلام آباد ( پبلک نیوز) اسرائیل کی فلسطین میں جارحیت کا معاملہ، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا ترک ہم منصب کو ٹیلیفون، اسرائیلی جارحیت اور فلسطین پر بربریت کے خلاف مل کر جامع حکمت عملی بنانے پر گفتگو۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے اپنے ترک ہم منصب مصطفیٰ سینتوپ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا گیا ہے۔ اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطین کے لیے مل کر آواز اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے غزہ میں اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

انھوں نے عید الفطر اور رمضان المبارک میں فلسطین میں پر تشدد کارروائی کی مذمت کی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتا ہے۔ فلسطین کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائی ہے۔ اسرائیلی ظلم اور بربریت کے خلاف او آئی سی ممالک کو خطوط لکھے۔ اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں سے غزہ جل رہا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظمیوں کی خاموشی قابل مذمت ہے۔ حملوں کے نتیجے میں سینکڑوں افراد شہید ہوچکے ہیں۔ سینکڑوں افراد زخمی اور بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہوچکے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے ہم منصب کو آو آئ سی کی پارلیمانی تنظیم کے اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ انھوں نے کہا کہ ترکی کا مسلم ممالک میں اہم کردار ہے ہمیں مل کر راہنما اصول اور تجاویز مرتب کرنا ہوں گی۔

مزیدخبریں