سوشانت سنگھ کی فیملی خوفناک ٹریفک حادثے میں ہلاک
04:59 AM, 17 Nov, 2021
ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے آنجہانی اداکار کے مداحوں کیلئے ایک بری خبر ہے کہ ان کے خاندان کے پانچ افراد حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس خبر کے بعد سوشانت کے مداح صدمے میں ہیں۔ یہ حادثہ منگل کی صبح بہار کے لکھی سرائے میں پیش آیا، جس میں سات لوگوں کی جان گئی اور میں سے پانچ کا تعلق سوشانت سے ہے جبکہ چار افراد بری طرح زخمی ہیں۔ مرنے والے پانچ افراد فلم سٹار سوشانت سنگھ راجپوت کے رشتہ دار بتائے جاتے ہیں۔ ان کے ساتھ کار ڈرائیور کی بھی موت ہو گئی ہے۔ بالی ووڈ پاپارازی ویرل بھیانی کے مطابق جب گاڑی نیشنل ہائی وے نمبر 333 سے گزر رہی تھی تو ٹرک سے ٹکرا گئی۔ جس کے بعد کار میں بیٹھے سات افراد کی موت ہو گئی۔ سوشانت سنگھ راجپوت کے اہل خانہ پٹنہ سے واپس آرہے تھے جہاں وہ ہریانہ کے سینئر پولیس افسر او پی سنگھ کی بہن گیتا دیوی کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے گئے تھے۔ آپ کو بتاتے چلیں، او پی سنگھ سوشانت سنگھ راجپوت کے بہنوئی ہیں۔ یہ بات ذہن میں رہے کہ سوشانت سنگھ راجپوت نے بھی بہت چھوٹی عمر میں اس دنیا کو الوداع کہہ دیا تھا۔ سوشانت 14 جون 2020ء کو ممبئی میں اپنے گھر پر مردہ پائے گئے تھے۔ یہ معمہ ابھی حل نہیں ہوا کہ سوشانت کی موت خود کشی تھی یا قتل۔ کچھ لوگوں نے اس بات پر بحث شروع کر دی تھی کہ کیا سوشانت کی موت کی وجہ فلم انڈسٹری میں متنازعہ اقربا پروری تھی۔