پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس،حکومت بلوں کی منظوری کیلئے پرامید

07:04 AM, 17 Nov, 2021

Rana Shahzad
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) پی ٹی آئی حکومت اتحادی پارٹیوں کی جانب سے حمایت کی یقین دہانیوں کے بعد آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اپنے تمام بلوں کی منظوری کیلئے پراعتماد دکھائی دے رہی ہے۔ پارلیمنٹ کا یہ مشترکہ اجلاس صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بلایا ہے جس میں الیکشن اصلاحات سمیت کئی ایسے اہم بلوں پر غور کیا جائے گا جو سینیٹ سے یا تو مسترد یا ختم ہو چکے ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ہونے والے قومی اسمبلی اجلاسوں میں بلوں کی منظوری کیلئے دو تحاریک پر ووٹنگ کے دوران اپوزیشن نے حکومت کو دو بار شکست دی تھی تاہم وہ آج مایوس دکھائی دے رہے ہیں۔ پارلیمنٹ میں پارٹی پوزیشن ظاہر کرتی ہے کہ اگر دونوں ایوانوں کو ایک ساتھ ملایا جائے تو حکومت میں صرف دو ووٹوں کی اکثریت ہے۔ پارٹی پوزیشن کے مطابق 440 رکنی مشترکہ ایوان میں حزب اختلاف کے ارکان کی تعداد 221 کے مقابلے میں 219 بنتی ہے۔ اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ پی ٹی آئی اتحاد کو قومی اسمبلی میں 17 ووٹوں کی اکثریت حاصل ہے جبکہ سینیٹ میں وہ اپوزیشن سے 15 ووٹوں سے پیچھے ہے۔ حکومت نے اس سے پہلے مسلم لیگ (ق) اور ایم کیو ایم کی جانب سے الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے استعمال سے متعلق مجوزہ انتخابی اصلاحات بل پر تحفظات کا اظہار کرنے کے بعد مشترکہ اجلاس ملتوی کردیا تھا۔
مزیدخبریں