حکومت نے ای وی ایم قانون پاس کر لیا تو عدالت جائیں گے

09:45 AM, 17 Nov, 2021

Rana Shahzad
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا ہے کہ اگر حکومت الیکٹرانک ووٹنگ کا قانون منظور کروا لیتی ہے تو وہ آئندہ الیکشن کو تسلیم نہیں کریں گے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی ووٹنگ کے معاملے میں یہ نہیں ہو سکتا کہ ووٹ پیرس میں ڈالا جائے اور اس کا اثر ملتان کے کسی حلقے کے نتیجے پر پڑے انھوں نے سپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس ایوان سے جھوٹ نہ بولا جائے، کرنا آپ نے وہی ہے جو آپ کرنا چاہتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور حکومت میں انتخابی عمل کیلئے ایسی قانون سازی کی تھی جس پر تحریک انصاف سمیت تمام اپوزیشن جماعتیں متفق تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ ہمارے ساتھ مل کر قانون سازی کرتے تو آئندہ انتخابات متنازع نہ ہوتے اور یہ وزیراعظم عمران خان کی کامیابی ہوتی لیکن جب آپ الیکشن کمیشن اور اپوزیشن جماعتوں کے اعتراضات کے باوجود الیکٹرانک ووٹنگ مشین ( ای وی ایم) کا قانون پاس کروانے کی کوشش کریں گے تو ہم آج سے اگلے الیکشن کو نہ ماننے کا اعلان کرتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کیساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ آپ کی کوشش ہے کہ الیکن کمیشن کے اختیارات چھین کر نادرا کو دے دیے جائیں۔ جب تک ان کے اعتراضات رہیں گے ہمارے بھی اعتراضات رہیں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ حکومت زبردستی اپنے طریقے کی قانون سازی کرنا چاہتی ہے۔ اگر حکومت نے یہ قانون پاس کر بھی لیا تو ہم عدالت جائیں گے۔ ہم نے آئین بنایا ہے اور ہم اس آئین کی پامالی کو عدالت میں چیلنج بھی کریں گے اور شکست بھی دیں گے۔
مزیدخبریں