اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت ،چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی

01:55 PM, 17 Oct, 2023

احمد علی
راولپنڈی: سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔ خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے سائفر کیس میں چئیرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے 17 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی تھی۔آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت اڈیالہ جیل میں سماعت ہوئی، کیس کی سماعت جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کی، سرکاری پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی، اسپیشل پراسیکیوٹر ایف آئی اے شاہ خاور اور ایف آئی اے کی ٹیم تفتیشی آفیسر کے ہمراہ سماعت کے لئے اڈیالہ جیل میں موجود تھے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر بٹ ،خالد یوسف اور شاہ محمود قریشی کی بیٹی اور بیٹا زین قریشی بھی جیل میں موجود رہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی، اور عدالتی حکم کے مطابق ملزمان پر فرد جرم 23 اکتوبر کو آئندہ سماعت پر عائد کی جائے گی۔ خیال رہےکہ چیئرمین پی ٹی آئی نے امریکا میں پاکستانی سفیر کے مراسلے یا سائفرکو بنیاد بنا کر ہی اپنی حکومت کے خلاف سازش کا بیانیہ بنایا تھا جس میں عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی حکومت کے خاتمے میں امریکا کا ہاتھ ہے تاہم قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں سائفر کو لے کر پی ٹی آئی حکومت کے مؤقف کی تردید کی جاچکی ہے۔
مزیدخبریں