کیا آئی جی پنجاب اتنابےخبرتھا؟ تصاویر،ویڈیوزوائرل ہونے پر ایکشن کیوں نہیں لیا؟چیف جسٹس

11:02 AM, 17 Oct, 2024

سلیمان اعوان

ویب ڈیسک: (سلیمان اعوان)لاہور ہائیکورٹ میں ایک درکواست کی سماعت کے دوران چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے ہیں کہ ویڈیوز اور تصاویر پھیلنے کے بعد پولیس نے ایکشن کیوں نہیں لیا؟ کیا آئی جی پنجاب اتنا بےخبر ہے؟ اس بچی کی زندگی تباہ کر دی، چاہے اس کے ساتھ واقعہ ہوا ہے یا نہیں۔

لاہور ہائیکورٹ میں لاہور کے تعلیمی اداروں میں  حالیہ واقعات سے متعلق  اعلی سطح تحقیقات کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے شہری اعظم بٹ کی درخواست پر سماعت کی۔ 

عدالت نے کل آئی جی پنجاب کو رپورٹ سمیت ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ عدالت نے ایڈوکیٹ جنرل پنجاب کو بھی ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ عدالت نے رجسٹرار لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی رجسٹرار کو ذاتی حیثیت میں کل طلب کر لیا۔ 

چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ عالیہ نیلم نے ریمارکس دیے کہ ہمارے ایک فل بنچ میں ایک کیس چل رہا ہے، ہم نے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ نجی کالج واقعے کے حوالے سے رپورٹ جمع کرائیں۔ اس بچی کی زندگی تباہ کر دی، چاہے اس کے ساتھ واقعہ ہوا ہے یا نہیں۔ 

چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ آئی جی پنجاب عدالت کو بتائیں کہ ایسی ویڈیوز اور تصاویر پھیلنے کے بعد پولیس نے ایکشن کیوں نہیں لیا؟ اینٹی ریپ ایکٹ تو متاثرہ بچی کا نام پبلشر کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ کیا آئی جی پنجاب اتنا بے خبر تھا؟ اس نے تصاویر اور ویڈیو وائرل ہونی دیں۔

چیف جسٹس نے حکم دیا کہ تمام افسران ریکارڈ سمیت کل عدالت میں پیش ہوں۔ آئی جی پنجاب پنجاب یونیورسٹی میں خودکشی کے حوالے سے بھی رپورٹ کریں۔ ہمیں اس واقعہ کا ہاتھ سے لکھا ہوا روزنامچہ چاہیے، کمپیوٹرائزڈ روزنامچہ نہیں۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے فلور پر کہا کہ لاہور کالج کی وائس چانسلر نے مجھے کہا کہ یونیورسٹی میں ہراسگی کے خلاف ہم کچھ نہیں کر پا رہے؟ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ یہ کس چیز کی شکایت ہے؟ درخواستگزار کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ یہ ہراسگی کی شکایت ہے۔

چیف جسٹس نے درخواستگزار کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کس قسم کی شکایات ہیں؟ کس طرح کی ہراسگی؟ وکیل درخواستگزار نے مؤقف اپنایا کہ میڈیا نے ہراسگی رپورٹ کیا ہے، مجھ تک یہی لفظ پہنچا ہے۔ پنجاب یونیورسٹی میں ایک طالبہ کے خودکشی کا واقعہ سامنے آیا۔ پنجاب یونیورسٹی کے واقعے کی تحقیقات تو ہونی چاہئیں۔ 

مزیدخبریں