پیٹرول مہنگا ہوگا یا سستا؟ فیصلہ آج ہوگا
04:43 AM, 17 Sep, 2022
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق حتمی فیصلہ آج ہونے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم آفس کی جانب سے وزارت خزانہ کو آگاہ کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم کے ازبکستان کے دورے کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان نہیں ہو سکا تھا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔ وزیرخزانہ نے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم نہ کرنے کی تجویز دی ہے۔ ذرائع کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی ( اوگرا) نے وزارت خزانہ کو جو سمری ارسال کی تھی اس میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی کوئی تجویز نہیں رکھی گئی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں سستی ہونے کی بجائے ان میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومتی اتحادی جماعتوں نے بھی پیٹرولیم مصنوعات میں ریلیف کا مطالبہ کیا لیکن وزارت خزانہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے پر بضد ہے۔ غیر یقینی صورتحال کے باعث پیٹرول پمپ مالکان نے کاروبار محدود کر دیا ہے، جبکہ بعض آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی سیل روک دی ہیں۔