سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو گرفتار کرلیا گیا، ذرائع
09:13 PM, 17 Sep, 2023
راولپنڈی : ذرائع کے مطابق سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شیخ رشید احمد کو راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا، شیخ رشید احمد 9 مئی کے واقعات کے بعد سے منظر عام سے غائب تھے۔ ذرائع کے مطابق شیخ رشید کو نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے فیز 3 سے گرفتار کیا گیا۔ شیخ رشید کے وکیل ایڈووکیٹ سردار عبدالرازق خان نے شیخ رشید کی گرفتار کی تصدیق کردی ہے۔ وکیل سردار عبد الرازق خان نے کہا ہے کہ شیخ رشید کو انکے گھر سے سول کپڑوں میں ملبوس لوگ گرفتار کرکے لے گئے، شیخ رشید کے دو بھتیجوں کو بھی گرفتار کرکے لے گئے ہیں، شیخ رشید کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ وکیل شیخ رشید کاکہنا ہے کہ شیخ رشید کے خلاف پنجاب میں کوئی مقدمہ درج نہیں ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے خلاف 10 مئی کو پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں احتجاجی ریلی نکالی تھی، احتجاجی ریلی کے خلاف تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کیا گیا، مقدمے میں شیخ رشید کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ وکیل نے کہا ہے کہ شیخ رشید کے بارے ابھی تک کوئی معلومات نہیں کہاں لے کے گئے ہیں، شیخ رشید تک رسائی کی کوشش کی جارہی ہے، شیخ رشید کو جس گھر سے گرفتار کیا گیا وہ انکا ذاتی نہیں کرایہ پر لیا تھا۔ وفاقی پولیس کی جانب سے شیخ رشید کی گرفتاری کی تردید کردی گئی،ترجمان پولیس کا موقف ہے کہ شیخ رشید کو وفاقی پولیس نے گرفتار نہیں کیا۔ ادھر شیخ رشید کی گرفتاری پر شیخ راشد شفیق نے ویڈیو پیغام جاری کر دیا ہے۔شیخ راشد شفیق کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کو راولپنڈی پولیس اور سول کپڑوں میں ملبوس افراد نے گرفتار کیا، شیخ رشید کے ساتھ میرے بڑے بھائی شیخ شاکر اور ملازم عمران کو بھی گرفتار کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس نے ہائی کورٹ میں لکھ کر دیا ہوا ہے کہ شیخ رشید کسی کیس میں مطلوب نہیں ہے، اسلام آباد پولیس نے بھی لکھ کر دیا تھا کہ شیخ رشید کسی کیس میں مطلوب نہیں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے اور شیخ رشید نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کی تھی، شیخ رشید اگر کسی مقدمے میں نامزد ہیں تو ان کو عدالت میں پیش کیا جائے ، شیخ رشید کو قانونی حق دیا جائے، ہم نے اصولوں کی سیاست کی ہے ، ملک کے تمام اداروں سے کہنا چاہتا ہوں کہ شیخ رشید کا بتایا جائے وہ کہاں ہیں ۔ شیخ راشد شفیق کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کی گرفتاری کے خلاف راولپنڈی اور اسلام آباد کی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کریں گے ، شیخ رشید کو کچھ ہوا تو صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت ذمہ دار ہو گی۔