پاکستانی فلم انڈسٹری کےنامور ہدایتکار الطاف حسین کی نمازِ جنازہ ادا,سپردخاک کردیاگیا

12:58 PM, 17 Sep, 2024

ویب ڈیسک: پاکستانی فلم انڈسٹری کے نامور ہدایتکار الطاف حسین کی نمازِ جنازہ لاہور میں سبزہ زار میں ادا کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ان کے خاندانی ذرائع کے مطابق وہ کئی عرصے سے بیمار تھے، انہیں سانس لینے اور دل کی تکلیف کا سامنا تھا۔

الطاف حسین نے اپنے کیرئیر کے دوران 85 یا اس سے زیادہ فلموں کی ہدایتکاری کی جن میں کئی کامیاب فلمیں بھی شامل ہیں۔ 

انہوں نے حال ہی میں ایک پنجابی فلم 'تیرے پیار نو سلام' کی ہدایت کاری بھی شروع کی تھی۔

ان کی مشہور فلموں میں دھی رانی، مہندی، رانی بیٹی راج کرے گی، اک پاگل سی لڑکی، صاحب جی، مرد سالا صاحب، دنیا، چار خون کے پیاسے، حسن کا چور، مرد جینے نہیں دیتے اور چوہدری بادشاہ، سمیت دیگر شامل ہیں۔

1944 میں خان پور میں پیدا ہونے والے الطاف حسین نے فلمی ہدایت کاری میں اپنے کیریئر کا آغاز 1969 میں فلم پنچھی تے پردیسی سے کیا۔ 

1981 میں انہوں نے آتھرا پوتر کی ہدایت کاری کی، جس میں سلطان راہی اور آسیہ کو مرکزی کرداروں میں شامل کیا گیا، جو باکس آفس پر ایک بڑی کامیابی ثابت ہوئی۔

الطاف حسین نے 1983 میں تین سپر ہٹ فلموں کی ہدایت کاری کی - صاحب جی، قدرت اور لوریاں - جس میں اداکارہ انجمن ہیروئن تھیں۔ اسی سال ان کی فلم رستم تے خان بھی باکس آفس پر ہٹ ہوئی جس میں سلطان راہی اور یوسف خان مرکزی کردار میں تھے۔

 1985 میں ان کی 10 فلمیں ریلیز ہوئیں جن میں سے دھی رانی نے باکس آفس پر شاندار بزنس کیا۔الطاف حسین کی عمر 79 سال تھی، انہوں نے اپنے پسماندگان میں ایک بیٹا، ایک بیٹی اور بیوہ چھوڑے ہیں۔

الطاف حسین کے انتقال پر شوبز شخصیات نے اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کی موت کو فلم انڈسٹری کے لیے بہت بڑا نقصان قرار دیا۔انہیں سبزہ زار کے فرید شاہ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

مزیدخبریں