ویب ڈیسک:بیگم صباء دیوان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن غلام محی الدین دیوان کو لاہور میں مبینہ طور پر اغوا کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق غلام محی الدین دیوان پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما بھی ہیں، غلام محی الدین دیوان کو گزشتہ رات لاہور میں اغوا کیا گیا۔
اہلخانہ نے دعویٰ کیا ہے کہ رکن کشمیر اسمبلی کو گزشتہ رات مینار پاکستان پر تحریک منہاج القرآن کی میلاد کانفرنس سے واپسی پر نامعلوم افراد نے اغواء کر لیا۔
بیگم صباء دیوان نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ میرے شوہر غلام محی الدین دیوان جو کہ ممبر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی ہیں کو گزشتہ رات سے اغواء کر لیا گیا ہے،دیوان صاحب اس وقت تمام مقدمات میں ضمانت پر ہیں اور کسی بھی کیس میں مطلوب نہیں ہیں۔
صباء دیوان نے مزید کہا کہ ابھی تک دیوان صاحب کا پتہ نہیں چلا رہا کہ کہاں ہیں مگر میں قوم کو بتانا چاہتی ہوں کہ ہم گھبرانے والے نہیں ایسی حرکتوں سے ڈرنے والے نہیں،کسی صورت بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔