چیمپئنز ٹرافی کی تیاریاں، آئی سی سی وفد آج رات پاکستان پہنچے گا

01:42 PM, 17 Sep, 2024

محمد شکیل خان

ویب ڈیسک: (محمد شکیل خان) چیمپیئنز ٹرافی کےجہاں پاکستان میں تیاریاں جاری ہیں وہیں آئی سی سی  نے بھی اپنی تیاری شروع کر دی ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے  انتظامات کا جائزہ لینے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا وفد آج رات کراچی پہنچے گا، آئی سی سی وفد 6 رکنی ہوگا۔جس میں ایونٹس اور سیکیورٹی کے نمائندے شامل ہوں گے، آئی سی سی وفد پہلے   نیشنل اسٹڈیم کراچی، پھر پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم اور آخر میں قذافی اسٹیڈیم   کا دورہ کرے گا۔ دورے کے دوران  آئی سی سی وفد انتظامات، سیکیورٹی اور وینیوز  میں سہولیات کا جائزہ لے گا۔

ذرائع کاکہناہے کہ پی سی بی کے اعلی حکام کی جانب سے آئی سی سی وفد کو چیمپئنز ٹرافی کے تیاریوں پر بریفنگ دی جائے گی،آئی سی سی وفد کو سیکیورٹی حکام کی جانب سے سیکورٹی معاملات پر  تفصیلی آگاہ کیا جائےگا۔ جبکہ پی سی بی اور تعمیراتی کمپنیوں کی جانب سے آئی سی سی ٹیم کو تعمیراتی کاموں پر بھی بریفنگ دی جائے گی ۔

ذرائع کے مطابق  آئی سی سی وفد کا دورہ 21 ستمبر تک جاری رہے گا جہاں آئی سی سی  وفد ٹیم ہوٹلز، پریکٹس وینیو اور اسٹیڈیم آنے والے راستوں کا بھی جائزہ لے گا، آئی سی سی انسپکشن ٹیم ہوٹلز مینجمنٹ سے بھی ملاقات کرے گی۔اس سے پہلے بھی آئی سی سی کے ہیڈ آف سیکورٹی اور پچ کنسلٹنٹ اور وینیو ٹیم پاکستان کا دورہ  کر چکی ہے۔

ذرائع کا مزید کہناہے کہ دورے کے دوران آئی سی سی حکام پی سی بی کے ساتھ وارم اپ میچز، ٹکٹنگ اور شیڈول پر بھی بات چیت کرے گی،وفد دورہ مکمل کرنے کے بعد اپنی رپورٹ مرتب کرے گا۔چیمپینز ٹرافی اگلے سال فروری میں پاکستان میں کھیلی جائے گی۔

مزیدخبریں