’’عمران خان نے غریبوں کےلئے الگ پاکستان بنا دیا ‘‘

اسلام آباد ( پبلک نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دو نہیں ایک پاکستان کا نعرہ لگانے والے عمران خان نے امیروں کیلئے الگ اور غریبوں کے لئے ایک الگ پاکستان بنادیا، نئے پاکستان کی ایمنسٹی اسکیموں میں ٹیکس چوروں کے لئے ریلیف ہے اور ٹیکس دینے والے تنخواہ دار طبقے کے لئے مہنگائی ہے۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے ایک بیان میں کہا کہ نئے پاکستان میں سرمایہ دار اور صنعت کار صارفین سے ٹیکس وصول کرکے خود ایمنسٹی اسکیموں سے فائدہ اٹھارہے ہیں، مسلم لیگ ن نے 135 امیر خاندانوں کو اپنے دور حکومت میں 43 ارب روپے تک کی ایمنسٹی دی ٗپی ٹی آئی حکومت نے 56 امیر خاندانوں کو 20 ارب روپے سے زائد کی ایمنسٹی دی۔

انہوں نے کہا کہ کیا مزدوروں اور کسانوں سے سبسڈی چھین کر صرف امیر طبقے کو نوازنا عمران خان کی تبدیلی ہے، عمران خان کے معاشی اقدامات کا فائدہ صرف اور صرف ملک کے مخصوص سرمایہ دار خاندانوں کو ہورہا ہے ٗعمران خان ایک ہاتھ سے اپنے سرمایہ دار دوستوں کو بے نامی جائیدادوں کو قانونی کرنے کی ایمنسٹی دیتے ہیں اور دوسرے ہاتھ سے مہنگی بجلی کا آرڈیننس جاری کردیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ امیروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا دعوی کرکے ایمنسٹی اسکیمز دینے والے بتائیں کہ عام آدمی کیلئے انہوں نے کیا کیا؟ ٗ انکم ٹیکس کے دائرے میں بھی نہ آنے والے آٹھ کروڑ سے زائد عام پاکستانی موبائل فون پر 12.5 فیصد تک پیشگی انکم ٹیکس ادا کرنے پر مجبور ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں امیر آدمی ٹیکس کی چھوٹ سے فائدہ اٹھارہا ہے اور عام آدمی مختلف مد میں ٹیکس دینے کے بعد بھی ٹیکس چور کہلاتا ہے، پاکستان میں غیرمساوی معاشی پالیسیوں کی بدولت امیر اور غریب میں خلیج گہری ہوتی جارہی ہے، پاکستان پیپلزپارٹی وہ واحد پارٹی ہے جو عام آدمی کے حالات کو سامنے رکھ کر معاشی پالیسیاں بناتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں