پاکستان نے ملکی وسائل سے پہلا آئی سی یو وینٹی لیٹر تیار کر لیا

اسلام آباد (پبلک نیوز) پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے سائنسدانوں نے ملکی وسائل سے پہلا آئی سی یو وینٹی لیٹر تیار کر لیا ہے۔ ڈریپ نے استعمال اور تیاری کی منظوری دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن (پی اے ای سی) نے قومی توقعات پر ہمیشہ کی طرح پورا اترتے ہوئے کورونا کی وبا کے تناظر میں ملکی وسائل سے تیار کردہ پہلا آئی سی یو و ینٹی لیٹر آئی لیو (i-Live)کے نام سے متعارف کرا دیا ہے۔

ترجمان شاہد ریاض خان کے مطابق ڈریپ نے اس وینٹی لیٹرکے استعمال اور تیاری کی با قاعدہ منظوری دے دی ہے۔ یہ و ینٹی لیٹر پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے مقامی وسائل سے تمام تر مروجہ طبی معیارات کےمطابق تیار کیا ہے۔

اس سلسلہ میں پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے ہسپتالوں کے ڈاکٹرزنے بھی قابل قدر رہنمائی فراہم کی۔ بہت سی سائنسی جانچ کے علاوہ یہ وینٹی لیٹر پاکستان انوویشن اینڈ ٹیکنالوجی سنٹر (پی آئی ٹی سی)اور پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی)کے معیارات پر بھی پورا اترا ہے۔

اس وینٹیلیٹرمشین پر جناح ہسپتال لاہور میں بھی جانچ کی گئی ۔ اس جانچ میں بہت سے ماہرین جن میں طبی ماہرین اور بائیو ٹیکنالوجی اور بائیو میڈیکل انجینئرز شامل تھے،ان تمام نے اس کو کامیاب قرار دیا ہے۔

پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے ترجمان شاہد ریاض خان نے بتایا کہ ڈریپ نے ایٹمی توانائی کمیشن کے تیار کردہ اس وینٹی لیٹرکے استعمال اور تیاری کی با قاعدہ منظوری دے دی ہے۔ اس طرح یہ ملک میں تیار کردہ پہلا وینٹیلیٹر ہےجسے ڈریپ نے منظور کیا ہے۔

اس موقع پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے چیئرمین محمد نعیم (ہلال امتیاز ۔ ستارہ امتیاز) نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔

ڈریپ کی اس فائنل منظورى کے بعد I-Live نامی اس و ینٹی لیٹر کی بڑے پیمانے پر تیارى شروع کردی جائے گی تاکہ کورونا وائرس کی وبا کے دنوں میں مریضوں کو جلد از جلد یہ سہولت مہیا کی جا سکے۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں