چودھری شجاعت دلبرداشتہ، سیاست چھوڑنے پر غور
04:24 AM, 18 Apr, 2022
لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ق) کے قائد چودھری شجاعت حسین نے حالیہ واقعات پر انتہائی دلبرداشتہ ہو کر سیاست سے ہی کنارہ کش ہونے پر غور شروع کر دیا ہے۔ یہ دعویٰ جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ کی جانب سے کیا گیا ہے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ میں گذشتہ روز چودھری شجاعت حسین کی عیادت کیلئے ان کی رہائش گاہ پر گیا تھا۔ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ اس ملاقات میں چودھری وجاہت حسین بھی موجود تھے۔ رہنما جماعت اسلامی نے بتایا کہ اس ملاقات کے دوران ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال جبکہ پی ٹی آئی حکومت کی تبدیلی کے معاملات پر بھی گفتگو ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے چودھری شجاعت حسین کو مشورہ دیا کہ وہ سیاست چپقلش کو دور کرنے کیلئے میدان میں اتریں۔ اس وقت آپ کیسے کہنہ مشق سیاستدان کی اس ملک کو بہت ضرورت ہے۔ یہ بات سن کر چودھری شجاعت حسین انتہائی دل گرفتہ ہوئے اور کہا کہ میں تو یہ سب دیکھ کر سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا سوچ رہا ہوں۔ لیکن لیاقت بلوچ نے انھیں مشورہ دیا کہ اس سے بہتر تو یہ ہوگا کہ آپ میدان میں اتریں اور انتہا پسندی اور سیاسی کشیدگی کو کم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ چودھری شجاعت حسین کو چاہیے کہ وہ عوام کو سمجھائیں جو کچھ بھی ہو رہا ہے یہ کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہے۔