واٹس ایپ صارفین کے لیے کمیونیٹیز فیچر کا اضافہ
07:50 AM, 18 Apr, 2022
لاہور ( ویب ڈیسک ) واٹس ایپ کی طرف سے گروپس کو اور زیادہ بہتر انداز میں منظم کرنے کے لیے کمیونیٹیز کا فیچر رواں سال متعارف کرایا جائے گا۔جس کا مقصد لوگوں کو کسی غلط ونڈو پر میسج بھیجنے سے بچانا ہے ۔ واٹس ایپ کے مالک ادارے میٹا پلیٹ فارمز کے اعلان میں کہا گیا ہے کہ نیا فیچر ورک پلیسز یعنی دفاتر اور سکولوں وغیرہ کے لیےبہتر رہے گا۔ واٹس ایپ کے سربراہ ول کیتھکارٹ کے مطابق اس فیچر کے ذریعے سے 256 ممبران کے بعد محدود ہو جانے والے گروپس ایک ایسے نظام کا حصہ بن جائیں گے جہاں ایڈمنز ہزاروں افراد کی کیمونیٹی کو الرٹ بھیج سکیں گے۔ اس وقت محدود پیمانے پر صارفین کے استعمال میں موجود نئے فیچر سے متعلق واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ ابھی تک اس کی قیمت مقرر کرنے کا ارادہ نہیں ہے، تاہم اداروں کے لیے پریمیئم سروس کی پیشکش کو خارج از امکان قرار نہیں دیا گیا ہے۔دو ارب سے زائد صارفین رکھنے والی واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ کمیونیٹیز فیچر بھی اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہو گا۔ سپیمنگ اور ہیٹ سپیچ پر قابو پانے کے اقدام کے طور پر صارفین کمیونٹیز کو سرچ نہیں کر سکیں گے۔ واٹس ایپ نئے فیچرز میں میسیج فارورڈ کرنے کی لمٹ اور دیگر اینٹی ابیوز ٹولز استعمال کرنے کا ارادہ بھی رکھتا ہے۔ واٹس ایپ کے مطابق کمیونٹیز کی لانچ سے قبل گروپ کے فیچرز میں متعدد تبدیلیاں لائی جائیں گی۔ نئی تبدیلیوں کے تحت وائس کالنگ میں اب 32 افراد شامل کیے جا سکیں گے۔ فائل شیئرنگ کا سائز دو جی بی تک بڑھا دیا جائے گا۔ میسیجز میں ایموجی ری ایکشنز شامل کیے جا سکیں گے اور ایڈمنز کو کسی بھی چیٹ میں سے ناپسندیدہ پیغامات ہٹانے کا اختیار مل جائے گا۔ میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ بھی چند روز قبل یہ کہہ چکے ہیں کہ آئندہ چند ماہ میں کمیونٹیز کا فیچر متعارف کرا دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میٹا فیس بک، میسنجر اور انسٹاگرام کے لیے کمیونٹی میسیجنگ فیچرز متعارف کرا رہا ہے۔ چند ہفتے قبل واٹس ایپ نے پرائیویسی کی جدید سیٹنگز متعارف کرائی ہیں جس کے بعد اب صارفین اپنی پروفائل کی معلومات مخصوص رابطوں سے چھپا سکیں گے۔ اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن 2.21.23.14 میں اپ ڈیٹ کے بعد اب صارفین ان کانٹیکٹس کا انتخاب کر سکیں گے جو ان کی پروفائل پکچر، لاسٹ سین اور اکاؤنٹ کی معلومات دیکھیں گے۔ واٹس ایپ نے یہ اپ ڈیٹ چار ماہ قبل جاری کی تھی لیکن اس کی رسائی مخصوص صارفین تک ہی محدود تھی البتہ ایپ نے اب اسے عام صارفین کے لیے بھی متعارف کرا دیا ہے۔ اپریل کے مہینے میں یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ ایک نئی اپ ڈیٹ متعارف کروا رہا ہے کہ جس میں اب فارورڈ میسجز ایک سے زیادہ گروپس میں بھیجنا ناممکن ہوجائے گا۔ واٹس ایپ کی ہر سرگرمی پر نظر رکھنے والی سائٹ ویب بیٹا انفو کے مطابق واٹس ایپ کی تازہ ترین اپ ڈیٹ میں صارفین جب پہلے سے فارورڈ کیے گئے میسج کو زیادہ واٹس ایپ گروپس میں بھیجنے کی کوشش کریں گے تو انہیں اب وارننگ دی جائے گی ۔ واٹس ایپ کی طرف سے الرٹ میں یہ کہا جائے گا کہ فارورڈ کردہ پیغامات صرف ایک گروپ چیٹ پر ہی بھیجے جا سکتے ہیں۔ یہ فیچر پہلے کچھ اینڈرائیڈ بیٹا صارفین کے لیے شروع کیا گیا تھا لیکن اب اسے مزید ٹیسٹرز اور iOS صارفین کے لیے بھی بڑھایا جا رہا ہے۔