عمران خان غیر ملکی سازش ثابت کریں،ساتھ دیں گے

08:05 AM, 18 Apr, 2022

احمد علی
کراچی: (ویب ڈیسک) ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ اگر غیر ملکی سازش ثابت ہو گئی تو ہماری جماعت ایک پل بھی پارلیمنٹ میں نہیں رکے گی اور عمران خان کا ساتھ دے گی۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے دور اقتدار میں متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم) سے جو بھی وعدے کئے ان سے انحراف کیا۔ خالد مقبول صدیقی نے یہ بات گذشتہ رات کراچی میں ایک عشائیے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں عمران خان سے کہتا ہوں کہ آپ صرف کاغذ لہرا لہرا کر اس سے نہیں بچ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم کو چاہیے کہ وہ اپنے دعوے کو ثابت کریں۔ اس سلسلے میں فوری ایک عدالتی کمیشن کا قیام عمل میں لانا چاہیے۔ جہاں ان کے پاس اس غیر ملکی سازش کو ثابت کرنے کا موقع ہو۔ ایم کیو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ میں آج یہ بات سب کے سامنے واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ اگر یہ بات سچ ثابت ہو گی کہ حکومت کو گرانے کیلئے کوئی غیر ملکی سازش کی گئی تھی تو ہم پارلیمںٹ کو چھوڑ کر عمران خان کیساتھ احتجاج میں شامل ہو جائیں گے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ دھمکی آمیز خط کی تحقیقات کے لئے عدالتی کمیشن تشکیل دیں۔ اگر اس خط میں کوئی سازش ہوئی تو ہم ان کیساتھ تعاون ختم کرنے میں ایک سیکنڈ ضائع نہیں کریں گے۔
مزیدخبریں