سعودی سفیر کی شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد

12:30 PM, 18 Apr, 2022

احمد علی
اسلام آباد: سعودی سفیر نے وزیراعظم شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور سعودی عرب کی طرف سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر عزت مآب جناب نواف سعید المالکی نے پیر کو وزیراعظم ہاﺅس میں ملاقات کی۔ سعودی سفیر نے وزیراعظم شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور سعودی عرب کی طرف سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے عزت مآب سعودی ولی عہد کے ساتھ اپنی حالیہ بات چیت کاحوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ وزیراعظم نے سعودی سفیر سے کہا کہ وہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ان کی نیک تمنائیں پہنچائیں۔ وزیراعظم نے سعودی عرب میں اصلاحات متعارف کرانے کے سعودی قیادت کے وژن کو سراہا۔ وزیراعظم نے سعودی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات بڑھانے میں ان کے اہم کردار کو سراہا۔ وزیراعظم نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے دونوں ممالک کی ترقی میں کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر سعودی قیادت اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات باہمی اعتماد، قریبی تعاون اور مشترکہ دلچسپی کے تمام معاملات پر یکساں خیالات پر استوار ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین تعاون کے نئے مواقع کے ذریعے تاریخی اور دیرینہ تعلقات کے مزید فروغ کیلئے اپنی حکومت کے عزم پر زور دیا۔
مزیدخبریں