کچے میں آپریشن کا دسواں روز، متعدد ملزمان گرفتار، درجنوں ٹھکانے تباہ

12:31 PM, 18 Apr, 2023

احمد علی
کچے کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کا ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن دسویں روز بھی جاری ہے . اب تک پولیس نے کریمنلز کے درجنوں ٹھکانوں کو تباہ کر کے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں پولیس نے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق عسکریت پسندوں کے ساتھ وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ اور پولیس کی کریمنلز کے ٹھکانوں کی جانب پیش قدمی جاری ہے ، اب تک ڈاکووں کے درجنوں ٹھکانے تباہ کیے جا چکے ہیں ، متعدد گرفتار کر لیے گئے ہیں ، کوکانی گینگ کے مزید 4 کارندوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران اب تک گرفتار ملزمان کی تعداد 18 ہوگئی ہے، 3 ڈاکو ہلاک ہوئے ہیں ، گرفتار ملزموں کے قبضہ سے مختلف اقسام کے بھاری ہتھیار برآمد ہوئے ، جن میں لانچرز، راکٹس، ایل ایم جینز، ہینڈ گرنیڈز، درجنوں کلاشنکوفس اور ہزاروں مختلف بور کی گولیاں شامل ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ خطرناک عسکریت پسند قابل سکھانی کے خفیہ ٹھکانے ٹریس کر کے ان کا گھیراؤ کر لیا ہے۔ جزیرہ نما دشوار گزار دریائی علاقہ ہونے کے باوجود پولیس کی مسلسل پیش قدمی جاری ہے ۔ ٹارگٹ کو ہٹ کرنے کیلئے اسنائپرز کا استعمال شروع کر دیا گیا ہے ، پولیس نے نو گو ایریا میں ڈاکوؤں کے ٹھکانوں پر مزید دو کیمپ قائم کر دیے ہیں ، جلد ہی کریمنلز کو قانون کی گرفت میں لا کر پولیس آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا ۔
مزیدخبریں