وزیر خزانہ اورنگ زیب کی امریکی معاون ڈونلڈ لو سے اہم ملاقات

11:46 AM, 18 Apr, 2024

 ویب ڈیسک : وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی دورہ امریکا کے دوران امریکی نائب  معاون  ڈونلڈ لو سمیت اہم   امریکی حکام سے ملاقات،  ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کا اعادہ کیا گیا ہے۔

 وزارت خزانہ کے ایکس اکاؤنٹ پر جمعرات کو پوسٹ کیے جانے والے بیان کے مطابق ’امریکی محکمہ خارجہ کے نائب معاون ڈونلڈ لو اور ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری وزیر الزبتھ ہورسٹ نے ورلڈ بینک کے ہیڈکوارٹرز میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کی جس میں پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے واشنگٹن کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

بیان کے مطابق دونوں وفود کے درمیان متبادل توانائی، زراعت، آب و ہوا کی بہتری اور ٹیکنالوجی انڈسٹری میں تعاون پر زور دیتے ہوئے اقتصادی شراکت داری کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کرنے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

بیان کے مطابق وزیر خزانہ نے پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے پر بریفنگ دی جس میں ٹیکس بیس کو وسیع کرنا، توانائی کے شعبے کو ہموار کرنا اور نجکاری شامل ہیں۔

وزارت خزانہ کے مطابق ملاقات میں آئی ٹی، قابل تجدید توانائی، زراعت اور معدنیات نکالنے میں امریکی سرمایہ کاری کے مواقع کی نشاندہی کی گئی۔ جبکہ پاکستان نے باہمی ترقی کے لیے یو ایس انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ فنانس کارپوریشن اور ایگزم بینک کے ساتھ قریبی تعاون کا اعادہ بھی کیا۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اس وقت دورہ امریکا پر ہیں اور اس دوران ان کی امریکی حکام سمیت ورلڈ بینک، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور کئی ممالک کے حکام سے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

 وزارت خزانہ کے مطابق بدھ کو وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے مالی امور محمد بن ہادی الحسینی سے ملاقات بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور عالمی بینک کے حکام سے ملاقات کے لیے امریکہ کے دورے کے موقع پر ہوئی۔

ملاقات میں متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعتراف کرتے ہوئے پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے میں متحدہ عرب امارات کے تعاون کو سراہا گیا۔

 محمد اورنگ زیب نے اپنے سعودی ہم منصب محمد بن عبداللہ الجدعان سے ملاقات بھی کی تھی جس میں سعودی وزیر خزانہ نے سرمایہ کاری سمیت پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے سعودی عرب کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

دونوں وزرائے خزانہ نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے اور شراکت داری کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔

مزیدخبریں