ٹی20 ورلڈکپ کا شیڈول جاری، پاک بھارت میچ کب ہو گا؟

12:50 PM, 18 Aug, 2021

احمد علی
ویب ڈیسک: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس بڑے ٹورنامنٹ میں پاکستان کے میچ کب کب اور کس سے ہوں گے، یہاں بتائے جا رہے ہیں۔ ٹی 20 ورلڈکپ 17 اکتوبر کو عمان اور متحدہ عرب امارات میں شروع ہو گا۔ ورلڈکپ کے دوران روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا جوڑ 24 اکتوبر کو دبئی میں پڑے گا۔ بھارت کے خلاف کھیلا جانے والا یہ میچ پاکستان کی جانب سے پہلا مقابلہ ہو گا۔ اس کے بعد 26 اکتوبر کو پاکستان اور نیوزی لینڈ مد مقابل ہوں گے۔ یہ میچ شارجہ میں کھیلا جائے گا۔ 29 اکتوبر کو دبئی میں پاکستان اور افغانستان آمنے سامنے ہوں گے۔ پاکستان کا کوالیفائیر اے 2 سے مقابلہ 2 نومبر کو ابوظبی میں جبکہ کوالیفائیر بی 1 سے مقابلہ 7 نومبر کو شارجہ میں ہو گا۔ شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل 10 نومبر، دوسرا 11 نومبر جبکہ فائنل 14 نومبر کو دبئی میں ہو گا۔
مزیدخبریں