مینارِ پاکستان واقعہ، ملزمان کیخلاف سزائے موت کی دفعات کا مقدمہ درج
06:19 PM, 18 Aug, 2021
لاہور (پبلک نیوز) آئی جی پنجاب کا چئیر مین نادرا سے رابطہ، ملزموں کی شناخت کا عمل فوری شروع کرنے کا کہ دیا۔ ڈی پی آر پنجاب پولیس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آئی جی پنجاب کی چئیر مین نادرا سے ٹیلی فون پر بات ہوئی ہے۔ انھوں نے چیئرمین نادرا سے ملزموں کی شناخت کا عمل فوری شروع کرنے کے لیے کہا۔ آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ خاتون پر تشدد اور دست درازی کرنے والے ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ متاثرہ خاتون کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی جائے گی۔ چیئرمین نادرا کو ملزمان کی شناخت کے لیے ان کی تصاویر بھجوا دی گئی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ نادرا کا عملہ چھٹی کے باوجود ملزموں کی شناخت کے عمل میں مصروف ہے۔ ملزمان کے خلاف تمام ثبوت اور شواہد اکٹھے کر کے انہیں گرفتار کیا جائے گا تا کہ ملزمان قرار واقعی سزا سے بچ نہ سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف دفعہ 354۔Aت پ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جس کی سزا عمر قید یا سزائے موت ہے۔ تمام ملزمان کو سخت سے سخت سزائیں دلوائی جائیں گی۔ آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو مقدمہ کی براہِ راست نگرانی کا حکم دے دیا۔