آمدن اور اخراجات میں توازن پیدا کرنا ہوگا: وزیرخزانہ
03:37 AM, 18 Aug, 2022
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ملکی معیشت بہتر بنانے کیلئے آمدن اور اخراجات میں توازن، درآمدات پر انحصار کم کرکے برآمدات میں اضافہ کرنا ہو گا،بجٹ خسارہ 5200ارب روپے سےکم کر کے 4000 ارب روپے تک لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے بدھ کو دو روزہ لیڈرز سمٹ بزنس کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ ملکی معیشت بہتر بنانے کیلئے آمدن اوراخراجات میں توازن پیدا کرنا ہوگا۔درآمدات پر انحصار کم کرکے برآمدات میں اضافہ کرنا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ حکومت نے قرضے لے کر پیدواری صلا حیت بڑھانے کیلئے خرچ نہیں کئے۔پاکستان اس وقت وہاں نہیں جہاں قائد اعظم اور ہمارے اباواجداد نے سوچا تھا، ہم میں صلاحیت بہت ہے لیکن اتنی ترقی نہیں کرسکے جو کرنی چاہیے تھی بہت سے ملک ہم سے آگے نکل گئے ہیں، ہمیں اپنی چادر دیکھ کر پاؤں پھیلانے چاہیں۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے سال 5200ارب کا خسارہ کیا،اس سال 4000ارب روپے کا بجٹ خسارہ متوقع ہے۔ نجی شعبے کے پاس اتنے پیسے نہیں کہ وہ حکومت کی مدد کرسکے،اس لئے قرض لینا پڑھتے ہیں، قرض لئے ہیں لیکن صحیح استعمال نہیں کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ 2013سے 2018 تک 11500 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی گئی۔ہم نے بجلی کی پیداوار ڈبل کرلی لیکن صنعت کی پیداوار ڈبل نہیں ہوئی،برامدات بھی ڈبل نہیں ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس بڑھانا ہوگا یا اخراجات کم کرنا ہوں گے ، ہم80 ارب ڈالر کی درآمدات کررہے ہیں،استعمال کی ہر چیز درآمد کررہے ہیں ، جو بھی چیز بناتے ہیں مقامی مارکیٹ میں فروخت کرتے ہیں ،برآمد نہیں کرتے۔80 فیصد ملکی پیداوار ملک میں ہی استعمال کرتے ہیں۔درآمدات پر انحصار کم اور برآمدات کو بڑھانا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ مکئی کے علاوہ تمام فصلوں کی پیدوار میں بھارت ،چین اور دنیا سے پیچھے ہیں۔ مفتاح اسماعیل نے کہاکہ پچھلے سال ساڑھے چار ارب ڈالر کا خوردنی تیل درآمد کیا،ہم کینولا کی پیداوار بڑھانے پر توجہ دے ر ہےہیں ، زراعت کی پیدوار کو بڑھانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،برآمدی صنعت پر توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم تعلیم میں بہت پیچھے ہیں۔ہمارے آدھے بچے سکول سے باہر ہیں ۔ تعلیم کے میدان میں صوبائی حکومتیں بھی ناکام رہی ہیں،نجی شعبہ آگے آئے، اگر ایک نسل کو پڑھا دیں تو اگلی نسلی بہت آگے نکل جائے گی۔