نوح دستگیر بٹ کا وطن واپسی پر پرتپاک استقبال
04:00 AM, 18 Aug, 2022
کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے ویٹ لفٹر نوح بٹ وطن واپس پہنچ گئے، اسلام آباد ایئر پورٹ پر نوح بٹ اور دیگر ایتھلیٹس کا پرتپاک استقبال کیا گیا، پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈی جی نے قومی ایتھلیٹس کا استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ اس موقع پر محمد نوح دستگیر بٹ نے کہا کہ وطن واپسی پر کرکٹ ٹیم کی طرح ہمارا استقبال ہوا، جس سے ہمارے اعتماد میں اضافہ ہوگا، ڈی جی پی ایس بی نے قومی ایتھلیٹس کا استقبال کرکے اچھی روایت قائم کی ہے، امید ہے پی ایس بی آئندہ ایونٹس کے لئے ہماری سپورٹ جاری رکھے گا۔ اپنی کامیابی پر اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتا ہوں۔ کامن ویلتھ گیمز اور اسلامی گیمز میں شرکت کے بعد وطن پہنچنے والے ایتھلیٹس میں نوح بٹ اور ان کے بھائی ویٹ لفٹر ہنزلا دستگیر، حیدر علی اور پاکستان والی بال ٹیم کے کھلاڑی اور ان کے غیر ملکی کوچ شامل ہیں۔ اس موقع پر ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ آصف زمان نے کہا کہ قومی ایتھلیٹس کو انعامات کے ساتھ مزید اچھی تیاریوں کے موقع فراہم کریں گے، جس ایتھلیٹ کو بیرون ملک ٹریننگ کے لئے بھیجنا ہوگا انہیں پورے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔