روس میں زیادہ کنبہ رکھنے والے خاندانوں کیلئے انعام
04:54 AM, 18 Aug, 2022
روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے سوویت دور کے ایک ایوارڈ کو ان خواتین کے لیے بحال کر دیا ہے جن کے 10 یا اس سے زیادہ بچے ہیں کیونکہ روس یوکرین میں جنگ کے باعث پیدا ہونے والے آبادی کے بحران سے دوچار ہے۔ جوزف سٹالن نے 1944 میں یہ ایوارڈ دینے کا آغاز کیا تھا تاکہ دوسری جنگ عظیم کے دوران دسیوں ملین سوویت شہریوں کی موت کے بعد بڑے خاندانوں کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔ 1991 میں سوویت یونین کی تحلیل کے بعد اسے ختم کرنے سے پہلے 400000 سے زیادہ خواتین نے یہ ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ پوٹن کے حکم نامے کے تحت، ہر اس ماں کو 10 لاکھ روبل ملیں گے جس کے کم از کم 10 بچے ہونگے۔ خیال رہے کہ یہ رقم تقریباً 16000 امریکی ڈالر کے برابر بنتی ہے۔ اس کے علاوہ ''مدر چیمپئن'' کو ایسے سونے کے تمغے بھی دیئے جائیں گے، جو روسی پرچم اور ریاستی نشان سے مزین ہیں۔ روسی صدر پوٹن نے اس سے قبل یہ بھی اعلان کیا تھا کہ "پیرنٹل گلوری" ایوارڈ کے لئے 7 یا اس سے زیادہ بچوں والے خاندانوں کے لیے 700000 روبل تک کا انعام دیا جائے گا۔ غیر ملکی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ روسی صدر کی جانب سے یہ اقدام ایک رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد اٹھایا گیا ہے جس میں خبردار کیا گیا ہے کہ آئندہ دو دہائیوں میں روس کی آبادی 144 ملین کی آبادی کم ہو کر 132 ملین ہو سکتی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق روس میں گذشتہ جنوری اور جون کے درمیان آبادی کی تعداد میں 380000 کی کمی واقع ہو چکی ہے۔ اب تک یوکرین میں ہزاروں نوجوان ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں مرنے والوں کی اوسط عمر صرف 21 سال ہے۔