شہباز گل پر مبینہ تشدد، اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر
06:17 AM, 18 Aug, 2022
پاکستان تحریک انصاف نے اپنے رہنما شہباز گل پر مبینہ تشدد کیخلاف ایک نئی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرا دی ہے۔ یہ درخواست اسد عمر اور ڈاکٹر بابر اعوان کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ ایک رٹ دائر کرنے کیلئے آئے ہیں۔ پورے پاکستان کو پتہ ہے کہ شہباز گل کو غیر قانونی طریقے سے تشدد کیا گیا۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ شہباز گل کو سانس کا ایشو ہوا، وہ رات پمز میں رہے ہیں۔ ہم قانون پر یقین رکھتے ہیں۔ قانون مکمل انصاف کا نام ہے۔ قانون میں ہے کہ کسی کو تشدد کا نشانہ نہ بنایا جائے۔ دوسری جانب ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا تھا کہ شہباز گل پر کسٹوڈیل ٹارچر ہو رہا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کیسے پستول کے بٹ مارے گئے۔ کمرہ عدالت میں شہباز گل نے قمیض اٹھا کے دکھایا۔ بابر اعوان کا کہنا تھا کہ قانون کہتا ہے کہ کسی کو تشدد کرکے کسی سے جرم منوایا نہیں جا سکتا۔ آئین کے آرٹیکل 14 ایف کو بھی پامال کیا جا رہا ہے۔ کسی کی عزت نفس کو مجروح نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال کو بھی تھانہ بنایا لیا گیا ہے۔ کسی کو ملنے نہیں رہا جا رہا۔ پولیس کی موجودگی میں جو اقبال جرم کرے اس کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ درخواست میں کہا ہے کہ کس اور جگہ گنجائش نہیں، اس لیے ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا۔ اس میں شہباز گل کی زندگی اور ذہنی حفاظت کی استدعا کی گئی ہے۔