سیلاب متاثرین کو فوری امداد پہنچائی جائے:وزیراعظم
07:33 AM, 18 Aug, 2022
وزیرِاعظم شہباز شریف نے جنوبی سندھ میں سیلاب سے جانی اور مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کی فوری امداد کی ہدایت کی ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے جنوبی سندھ میں مون سون بارشوں کے نتیجے میں سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہارکیا۔ جمعرات کووزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے پی ڈی ایم اے ، این ڈی ایم اےاور صوبائی حکومت کو فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ سیلابی صورتحال میں پہلی ترجیح متاثرہ لوگوں کا ریسکیو اور ان کی فوری امداد ہے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ متاثرین کو فوری طور پر 50 ہزار روپے فی خاندان فراہم کیا جائے۔ متاثرین کو کھانے اور صاف پانی کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے۔متاثرین کو رہائش اور طبی سہولیات کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے۔وزیرِ اعظم نے ملک کے باقی حصوں میں بھی بارشوں کے نتیجے میں متوقع سیلابی صورتحال سے نبٹنے کیلئے متعلقہ اداروں کو تیار رہنے کی بھی ہدایت کی۔ دوسری جانب امریکا نے سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے لیے مزید 10 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ہم مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ ہیں اور سیلاب متاثرین کے لیے مدد کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو فوری امداد کے طور پر ایک لاکھ ڈالر فراہم کئے گئے تھے۔ امریکا نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو مزید 10 لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم موسمیاتی بحران کے اثرات کو کم کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔