وزیر اعظم کا ملک میں ہنگامی بنیادوں پر زرعی اصلاحات کے نفاذ کا فیصلہ
11:52 AM, 18 Aug, 2022
اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ملک میں ہنگامی بنیادوں پر زرعی اصلاحات کے نفاذ کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ زرعی اصلاحات کیلئے مختلف شعبوں کی آٹھ سب کمیٹیوں نے وزیرِ اعظم کو سفارشات پیش کیں، سفارشات میں قلیل، وسط اور طویل مدتی جامع منصوبہ بندی شامل ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر کسانوں کو ضروری سہولیات فراہم کرے گی، حکومت کسانوں کو کم لاگت پر بروقت معیاری بیج، کھاد کی فراہمی یقینی بنائے گی، کسانوں کو غیر معیاری بیج اور پیسٹی سائیڈ بیچنے والی کمپنیوں کا سد باب کیا جائے گا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ مقامی سطح پر معیاری بیج کی پیداوار کیلئے زرعی تحقیقی اداروں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی،حکومت کسانون کو جدید مشینری اور قرضوں میں سہولت کی فراہمی یقینی بنائے گی، حکومت گندم و زرعی اجناس کو ذخیرہ کرنے کیلئے سائیلوز (silos) کی تعمیر پر کام کرے گی. انہوں نے مزید کہا کہ گندم کی فصل کی بوائی سے پہلے پیداوار میں فی ایکڑ یقینی اضافے کے اقدامات اٹھائے جائیں، یقینی بنایا جائے کہ زرعی اِن پُٹس پر حکومت کی طرف سے سبسڈی کسانوں تک پہنچے، زرعی منصوبہ بندی کے دوران موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو بھی ملحوظِ خاطر رکھا جائے، کسانوں کو زراعت کے بین الاقوامی سطح پر رائج جدید طریقہ کار سے روشناس کروانے کیلئے جامع آگاہی مہم چلائی جائے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملک میں زرعی شعبے کی اصلاحات پر اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء طارق بشیر چیمہ، احسن اقبال، مریم اورنگزیب، مفتاح اسماعیل، معاونینِ خصوصی احد چیمہ، محمد جہانزیب خان متعلقہ اعلی حکام کی شرکت. تمام صوبوں کے سیکٹری زراعت نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو گندم، کپاس، خوردنی تیل، کھاد، زرعی تحقیق، زراعت میں پانی کے استعمال، موسمیاتی تبدیلی اور زرعی مشینری کے حوالے سے قائم سب کمیٹیوں نے تفصیلی بریفنگ دی اور اپنی سفارشات پیش کیں۔ اجلاس میں آئندہ گندم، کپاس اور خودنی تیل کی پیداوار کیلئے اقدامات، کسانوں کو کم لاگت پر جدید مشینری، یوریا اور ڈی اے پی پر سبسڈی، متوقع پیداوار اور در آمد، معیاری بیج، پانی کے بہتر استعمال اور کسانوں کو بروقت قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے سفارشات پیش کی گئیں۔ وزیرِ اعظم نے تمام متعلقہ وزارتوں کو ان سفارشات میں سے آئندہ فصل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر زرعی اصلاحاتی پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ وزیرِ اعظم نے دو دن کے اندر اس پلان کو پیش کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔ وزیرِ اعظم بہت جلد ملک میں زرعی اصلاحات کیلئے جامع منصوبے کا اعلان کریں گے جس سے نہ صرف کسانوں خوشحال، ملکی زرعی پیداوار میں اضافہ اور زرعی اجناس کی درآمد میں خاطر خواہ کمی واقع ہوگی۔