شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری
03:26 PM, 18 Aug, 2022
اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہباز گل پر تشدد کے حوالے سے سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا. اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی تھی. حکم نامے کے مطابق شہباز گل کے وکلا نے بتایا کہ شہباز گل سے ملنے نہیں دیا جارہا، شہباز گل کے وکلا ملزم سے ملاقات کے حوالے سے قانون بتانے سے قاصر رہے، اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کی جانب سے ملاقات کا قانون بتایا گیا، اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کے بتائے قانون کی روشنی میں شہباز گل کے وکلاء اور دوستوں کو ملنے کی اجازت دی جاتی ہے. حکم نامے کے مطابق پولیس یقینی بنائے کہ شہباز گل سے ملاقات کی اجازت کا غلط استعمال نہ ہو. واضح رہے کہ اسلام آباد کورٹ نے شہباز گل تشدد کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی ہے. جسٹس عامر فاروق نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ شہباز گل تشدد کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کررہے ہیں ، تشدد سے متعلق ابتدائی پولیس رپورٹ دیکھنے کے بعد فیصلہ کریں گے کہ جوڈیشل انکوائری کی ضرورت ہے یا نہیں؟اسلام آبادہائیکورٹ نے آئی جی اسلام آباد پولیس کو شہباز گل پر تشدد کی انکوائری کا حکم دیدیا. جسٹس عامر فاروق نے شہباز گل پر تشدد کی خبروں سے متعلق ابتدائی رپورٹ آئی جی اسلام آباد سے طلب کر لی. آئی جی کو پیر تک رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے عدالت کا کہنا تھا کہ آج کی سماعت کا تحریری آرڈر آدھے گھنٹے بعد جاری کیا جائے گا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے وکلا کو شہباز گل سے ملنے کی اجازت دے دی ہے. ریمانڈ پر ابھی تکنیکی طور پر وہ ہیں ہی نہیں اس لئے معطلی کی ضرورت نہیں، ہم اس معاملے پر تحریری حکمنامہ جاری کریں گے . ہ اس سے قبل پولیس نے شہباز گل کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔ پمز ہسپتال کی میڈیکل رپورٹ ڈیوٹی جج جوڈیشل راجہ فرخ علی خان کی عدالت میں جمع کرائی گئی ہے۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق چار سینئر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم نے شہباز گل کا طبی معائنہ کیا۔ شہباز گل کو بچپن سے سانس کا مسئلہ ہے اور ضرورت پڑنے پر برونکڈیلٹر استعمال کرتے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہباز گل کو سانس لینے میں مسئلہ اور جسم میں درد محسوس کر رہے ہیں۔ ان کے کندھے، گردن اور چھاتی کے بائیں جانب درد ہے۔ جس کے بعد ان کا فوراً ای سی جی کیا گیا تھا۔ میڈیکل بورڈ نے مشورہ دیا ہے کہ شہباز گل کا ایکس رے ، یورک ایسڈ، خون اور دل کا ٹیسٹ کرنا ضروری ہے۔ شہباز گل کو کارڈیالوجسٹ اور پلمانولوجسٹ کی جانب سے طبی معائنہ درکار ہے۔ ان کے مزید طبی معانے کہ ضرورت پڑ سکتی ہے۔