آرمی چیف سے کمانڈر یو ایس سینٹرل کمانڈ کی ملاقات
04:57 PM, 18 Aug, 2022
راولپنڈی : آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے یو ایس سینٹ کام کے کمانڈر جنرل مائیکل ایرک کوریلا کی جی ایچ کیو میں ملاقات ہوئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف اور کمانڈر یو ایس سنٹرل کمانڈ نے باہمی دلچسپی، علاقائی سلامتی و استحکام، دفاع و سیکورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا، ملاقات میں بالخصوص دو طرفہ عسکری تعاون کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آرمی چیف اور کمانڈر یو اس سینٹرل کمانڈ کی ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بھی بات چیت کی گئی، وفود کی سطح پر بات چیت میں پاک فوج کی دہشت گردی کے خلاف جنگ اور علاقائی امن و سلامتی میں کردار کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک امریکہ ملٹری ٹریننگ ایکسچینج پروگرام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جنرل کوریلا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ، انسداد دہشتگردی اور علاقائی امن و استحکام میں پاک فوج کے کردار کو سراہا ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کمانڈر یو ایس سینٹ کام نے آرمی میوزیم کا بھی دورہ اور مختلف تاریخی اشیا میں دلچسپی کا اظہار کیا۔