گزشتہ ہفتے کےدوران مہنگائی کی شرح میں 0.78 فیصد کا مزید اضافہ
04:22 PM, 18 Aug, 2023
اسلام آباد: سالانہ بنیادوں پرمہنگائی کی مجموعی شرح 27.57 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ ملک میں مہنگائی کا راج برقرار ہے، ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ واراعدادوشمارجاری کردیے ہیں ۔ ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے کےدوران 32 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، گزشتہ ہفتے 7 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی اور12 کی قیمتیں برقراررہیں۔ ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعدادو شمار کے مطابق 200 گرام سرخ مرچ کا پیکٹ 28 روپے مہنگا ہوا، چاول 12 روپے، لہسن 20 روپے، چینی 6 روپےاورگڑ7 روپے فی کلومہنگاہوا، زندہ مرغی 12 روپے، دال مونگ 6 روپے، دال مسور3 روپے فی کلومہنگی ہوئی، کیلے 4 روپے اورانڈے 5 روپے فی درجن، دال ماش 13 روپے کلو مہنگی ہوئی، ایل پی جی گھریلوسلنڈر17 روپے، 390 گرام پاوڈردودھ 8 روپے مہنگاہوا، گزشتہ ہفتے پیاز، چائے، آلو، ماچس کی ڈبی اورسگریٹ بھی مہنگے ہوئے۔ ادارہ شماریات کے مطابق ٹماٹر19 روپے، لکڑی 5 روپے فی من، 20 کلوآٹے کا تھیلا 6 روپے 50 پیسے سستا ہوا،5 کلوکوکنگ آئل کا ڈبہ 51 روپے، ڈھائی کلوگھی کا ڈبہ 12 روپے سے زائد سستا ہوا۔