24 گھنٹوں میں 290 ملی میٹر بارش،  سکھر میں 77 سالہ ریکارڈ ٹوٹ  گیا،  میئر سکھر

10:08 PM, 18 Aug, 2024

(ویب ڈیسک ) میئر سکھر  و ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کا کہنا ہے کہ  سکھر میں موجودہ صدی اور 77سالہ تاریخ کی تیز ترین برسات ریکارڈ ہوئی ہے۔

میئر سکھر کا کہنا ہے کہ   24 گھنٹوں میں 290 ملی میٹر بارش ہوئی، 2022 ء میں 12 روز میں 3سو74 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی، موجودہ اسپیل میں صرف ایک روز میں 290 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

 بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ  80 فیصد علاقے سے نکاسی کا عمل مکمل کرلیا ہے جبکہ   20 فیصد پر بھی کام جاری ہے،  معمولات زندگی جلد بحال ہوجائے گی۔

  ترجمان سندھ حکومت نے بتایا کہ  وینزویلا میں 4سو ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، وینز ویلا ترقی یافتہ شہر ہونے کے باوجود قدرتی آفت سے شہر محفوظ نہ رہ سکا، وینز ویلا میں بھی سڑکوں پر برساتی پانی جمع ہوگیا۔

میئر سکھر نے کہا کہ  موجودہ حالات اللہ تعالیٰ کی طرف سے امتحان ہے، پیشگی انتظامات کی وجہ سے چند گھنٹوں میں برساتی پانی کی نکاسی کا عمل ممکن ہوا، ڈسپوزل اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن، ہیوی جنریٹرز کی تنصیب، ٹرانسفارمز کے ایشوز سمیت نشیبی علاقوں میں ڈی واٹرنگ مشینری کی تنصیب قبل از وقت کرلی گئی تھی۔

 ترجمان حکومت سندھ نے  کہا کہ  تسلیم کرتے ہیں سو فیصد نتائج حاصل نہیں کئے لیکن نسبتاََ بہتری آئی ہے، جن علاقوں میں کشتیاں چلا کرتی تھیں آج ان علاقوں میں وہ صورتحال نہیں، شہری خود شہر کا دورہ کریں اور صورتحال کا جائزہ لیں۔

بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ  80 فیصد علاقے کلیئر باقی علاقوں میں ایک فٹ پانی جمع ہونے کی شکایت ہے، جلد نکاسی عمل مکمل کرلینگے اور انتظامیہ بھی ہر وقت الرٹ ہے،  معمولات زندگی بحال کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

مزیدخبریں