کراچی دھماکے میں عالمگیر خان کے والد کا انتقال

01:00 PM, 18 Dec, 2021

شازیہ بشیر
کراچی ( پبلک نیوز) شیر شاہ میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی عالمگیر خان کے والد دلاور خان انتقال کرگئے۔ پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے عالمگیر خان کے والد کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خاندان کے دیگر افراد ابھی ملبے تلے پھنسے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاد اعوان نے شیر شاہ دھماکے پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان کے والد دلاور خان کا بھی انتقال ہوا ہے۔ تمام مرحومین کے لیے دل افسردہ ہے۔اللہ پاک کے حضور تمام مرحومین کے لیے دعا گو ہوں۔ ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ سندھ حکومت زخمیوں کے علاج کے لیے اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے تحقیقاتی اداروں سے درخواست کی کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے نتیجہ قوم کے سامنے رکھے۔ ایم این اے فہیم خان نے کہا کہ شیر شاہ بم دھماکے میں رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان کے والد کے انتقال کا سن کر انتہائی دکھ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا جکہ دھماکے میں عالمگیر محسود کے والد کے انتقال پر رکن قومی اسمبلی اور ان کے اہل خانہ سے اظہار افسوس کرتا ہوں۔ یاد رہے کہ شیر شاہ میں پراچہ چوک پر دھماکے کے نتیجے میں اب تک 12 افراد کے جاں بحق اور 11 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی جبکہ قریبی بینک کی عمارت زمین بوس ہوگئی۔ دھماکا دوپہر ڈیڑھ بجے ہوا اور بعدازاں ریسکیو آپریشن کے دوران ایک اور دھماکا بھی ہوا جس کے باعث امدادی کارروائی متاثر ہوئی، فی الحال متعدد افراد کے عمارت کے ملبے میں دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔
مزیدخبریں