عمران خان کا پنجاب اورکےپی اسمبلیاں 23دسمبرکوتحلیل کرنے کااعلان
07:03 AM, 18 Dec, 2022
لاہور: سابق وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں 23 دسمبر کو تحلیل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی اور خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان کے ہمراہ ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے پنجاب اورخیبرپختونخواکی اسمبلیاں 23دسمبرکوتحلیل کرنے کااعلان کیا۔ عمران خان نے خطاب میں کہا کہ آئندہ جمعےکو دونوں صوبوں کی اسمبلیاں توڑدی جائیں گی،الیکشن کے ذریعےچوروں کے ٹولےکوشکست دیں گے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اراکین قومی اسمبلی میں جاکراسپیکر قومی اسمبلی کےسامنے کہیں گے کہ ہمارےاستعفے قبول کرو۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنی حکومت گرانے کا ذمہ دارسابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کوقراردے دیا۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے الزام عائدکیاکہ جنرل باجوہ نے بیرونی سازش کاحصہ بن کرہماری حکومت گرائی،کرپٹ سیاستدانوں کو این آر اوٹو دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جنرل مشرف کےدورمیں بھی ایساظلم نہیں دیکھاجوجنرل باجوہ نےکیا،حکومت گرانے کےبعدانہیں علم ہواکہ عوام ہمارے ساتھ ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے خطاب میں کہا کہ 30 سال سے جو لوگ ملک کو لوٹ رہے ہیں انہیں اوپر بٹھا دیا گیا، نواز شریف اور شہباز شریف ملک کا دیوالیہ کرکے گئے تھے۔ 50 سال کے بعد آج سب سے زیادہ ملک میں مہنگائی ہوئی ہے، چوروں کا ٹولہ ملک کو تباہی کی طرف لے کر جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ڈالر نہیں آ رہے تھے پھر بھی ہم نے معیشت کو اٹھایا، 2018 میں ہم نے پاکستان کو سنبھالا، ملک اوپر کی طرف جا رہا تھا، 17 سال بعد ہماری معیشت اوپر جا رہی تھی۔ کیا وجہ تھی ان چوروں کو اوپر بٹھا دیا گیا اس کا ذمہ دار کون تھا؟۔